اسلام آباد/لندن(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے تباہ حال پاکستان ہمیں دیا تبدیلی کے نام پر ملک کا بیڑہ غرق کردیا،تیل کی قیمتیں بڑھانے کا مشکل ترین فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا،ملک کو اتحادیوں سے مل کر مشکلات سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔وزیراعظم کے مشیر اور ن لیگ خیبر پی کے کے صدر امیر مقام نے لندن میں (ن )لیگ کے قائد سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ امیر مقام نے اہم پارٹی اور حکومتی امور پر نواز شریف کو اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ نوازشریف نے کہاکہ عمران نیازی نے تباہ حال پاکستان ہمیں دیا تبدیلی کے نام پر ملک کا بیڑہ غرق کردیا۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ تیل کی قیمتیں بڑھانے کا مشکل ترین فیصلہ دل پر پتھر رکھ کر کیا،ملک کو اتحادیوں سے مل کر مشکلات سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔نواز شریف نے کہاکہ (ن )لیگ کو خیبر پختونخوا میں مزید متحرک اور فعال بنایا جائے۔