وہاڑی (نامہ نگار)نجی ہسپتال کی انتظامیہ نے صحت کارڈ پر علاج معالجہ کروانے والے مریضوں کےآپریشن ڈاکٹرز کی بجائے نان کوالیفائیڈ عملہ سے کروانا شروع کر دئیے،غیر معیاری ادویات کے استعمال سے مریضوں کی صحت بہتر ہونے کی بجائے ان کی زندگیاں داو پر لگ گئیں۔ سابقہ حکومت نے شہریوں کو علاج معالجہ کی مفت سہولت فراہم کرنے کیلئے صحت کارڈ کا اجراء کرکے ضلعی اور تحصیل سطح پر پرائیویٹ اور سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ معاہدہ کیا تھا لیکن نجی ہسپتالوں کی انتظامیہ نے صحت کارڈ پر علاج کروانے والے مریضوں کو ذلیل و خوار کرنا شروع کر دیا اور سفارشات کے باوجود ڈاکٹرز کی بجائے نان کوالیفائیڈ عملہ مریضوں کاآپریشن کر رہا ہے اڈا پپلی کے رہائشی محمد یسین نے وہاڑی کے ہسپتال سے ہرنیاں کا آپریشن کروایا اور اس کو ہلکی سی میڈیسن دے کر گھر بھیج دیا جس سے اس کے زخم میں پیپ پڑ گئی اور سوزش ہو گئی دوبارہ ڈاکٹر کو چیک کروایا تو ڈاکٹر نے روزانہ آکر پٹی کروانے کا حکم دے دیا ۔ ذرائع کے مطابق جن مریضوں کوآپریشن کے لئے وقت دیا جاتا ہے ان کو داخلے سے پہلے رقم بٹورنے کیلئے غیر ضروری ٹیسٹ کروائے جاتے ہیں مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیر اعلی،چیف سیکرٹری ،سیکرٹری ہیلتھ ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ اور نان کوالیفائیڈ عملہ کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
نجی ہسپتال میں صحت کارڈ پر مریضوں کے اناڑی ڈاکٹرز سے آپریشن کروانے کا انکشاف
Jun 26, 2022