راولپنڈی (جنرل رپورٹر) مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ افراتفری کے دور میں حُب رسول ؐسے جنت کا راستہ ملتا ہے، امن ہمیں آمنہ کے لعلؐ کی برکت سے ملا، امن ہماری وراثت ہے، حُب رسولؐ کی مالا میں پروئے ہوئے مسلمان متحد ہو جائیں ، نام محمد ؐسے دونوں ہونٹ جڑ تے ہیں ، کلمہ پڑھنے والے کیوں نہیں جڑ جاتے، آمد رسولؐ کا تقاضہ بھی یہ ہے کہ قوم اپنی صفوں میں انتشار اور نفرت کی بد بو پیدا نہ ہونے دیں،دل کی گلی میں حُب رسول ؐ کا چراغ روشن ہو جائے ، تو نفرت کے اندھیرے ختم ہو جائیں گے،محمدی مسجد لالکڑتی میں حُب رسول ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اظہار بخاری نے کہا ہمارا معاشرہ برائیوں اور اخلاقی کمزوریوں کا شکار ہو چکا ہے ،اس جدید ٹیکنالوجی کے سیاہ دور میں انسان پستی اور تنزل کی جانب رواں دواں ہے،کتنے افسوس کی بات ہے جن ممالک کا ماضی اور مستقبل تاریک ہے ، وہ دنیا کی قیادت کر رہے ہیں اور جو در رسول ؐسے روشنی حاصل کرتے ہیں ، وہ خود تاریکی کا حصہ بنتے جارہے ہیں،اخلاقی پستی ،جذباتی انتشار اور فکری خلفشار کے اس سیاہ دور میں ضرورت اس امر کی ہے ، کہ ملک بھر میں حُب حبیب ؐ کانفرنسوں کا انعقاد عمل میں لایا جائے کیونکہ حضور کریم ؐ ہی اس کائنات ارض و سما کی تخلیق کا محرک اور سبب ہیں ،مسلمان حُب رسول ؐ کا دامن پکڑ لیں تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی ۔
حُب رسولؐ کی مالا میں پروئے ہوئے مسلمان متحد ہو جائیں، اظہار بخاری
Jun 26, 2022