فیڈریشن چیمبر کی جانب سے بڑی صنعتوں پر10فیصد سپر ٹیکس مسترد

لاہور( کامرس رپورٹر)ایف پی سی سی آئی نے حکومت کی جانب سے سپر ٹیکس کے نفاذ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 بڑے سیکٹرز کی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس کارپوریٹ ٹیکس کو39فیصدکی ناقابل برداشت سطح تک لے جائے گا۔ ریجنل چیئرمین ندیم قریشی نے کہا کہ حکومت کو کاروباری، صنعتی اور تجارتی سٹیک ہولڈرز سے فوری مشورہ کرنا چاہیے، ان حالات میں معیشت کا پہیہ رواں دواں رکھنا ممکن نہیں رہے گا، نجی شعبہ اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری خطرے کی وجہ سے مکمل طور پر ختم ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سپرٹیکس سے سیمنٹ، سٹیل، چینی، تیل ، گیس، کھاد، ایل این جی ٹرمینلز، ٹیکسٹائل، بنکنگ، آٹوموبائل، سگریٹ، مشروبات، کیمیکلز اور ایئر لائنز متاثر ہوں گی ،باقی تمام صنعتوں پر بھی 4 فیصد اضافی ٹیکس عائد کرنا مناسب نہیں، ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کے لیے راستے تلاش کرنے چاہئیں۔ انہوںنے کہا کہ اس فیصلے سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں  شدید بے چینی پا ئی گئی اورصرف 20 منٹ کے دوران انڈیکس میں2,055 پوائنٹس یعنی 4.81 فیصد کی کمی کے بعد جمعہ کے دن ٹریڈنگ معطل کرنی پڑی۔13.75 فیصد شرح سود معیشت کو تر قی نہیں کرنے دے گی ،بجلی اور گیس کی قیمتوں نے برآمدات کو غیر مسابقتی بنا دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن