سپر ٹیکس، صنعتی شعبہ کو تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش ،میاں کاشف اشفاق

Jun 26, 2022

لاہور(کامرس رپورٹر ) سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف و امیدوار قومی اسمبلی این اے 106 میاں کاشف اشفاق نے موجودہ حکومت کی طرف سے صنعتی شعبہ پر سپر ٹیکس لگانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سپر ٹیکس پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے صنعتی شعبہ کو تباہ و برباد کرنے کی گھناؤنی سازش ہے،سپر ٹیکس لگانے سے انڈسٹری بند ہوجائیگی اور لاکھوں لوگ بیروزگار ہو جائیں گے، انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پیداواری شعبہ میں ٹیکس کم کیا جبکہ اسکے برعکس موجودہ حکومت نے تمام پیداواری ذرائع اور روز گار دینے والی چھوٹی بڑی کمپنیوں پر بھاری ٹیکس لاگو کردیا ہے جس سے انڈسٹری کے مشکلات سے دوچار ہونے کا خدشہ ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے مزیدکہا کہ صنعتوں پر سپر ٹیکس لگانے کے بعد سٹاک مارکیٹ کریش کرگئی اور صنعت کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے ۔یہی وجہ ہے کہ صنعت کار وں میں بے چینی پائی جاتی ہے،انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت مہنگائی اور بیروزگاری بڑھ گئی جبکہ بجلی اور پانی کے بحران تک ہر شعبہ زندگی زوال پذیر ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنی سیاست بچانے کیلئے عوام کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے، کیسز ختم کرانے کیلئے اقتدار حاصل کرنے والے حکمرانوں نے اپنے ذاتی مفادات کو تحفظ دیا ۔

مزیدخبریں