پاکستان سمیت عالمی معاشرے کومنشیات کے حوالے سے متعدد سنگین مسائل کا سامنا ہے جن میںسے ہمارے ہمسایہ ملک افغانستان میں افیون بھنگ اور دیگر مصنوعی طریقوں سے تیار کردہ منشیات کی کثیر پیداوار،پاکستان کا دنیا میں منشیات کے مرکز کے قریب ترین واقع ہونے اوران منشیات کا دنیا کے دیگر حصوں میں ترسیل کے لئے راہداری کے طور پر استعمال ہونا شامل ہے۔جس کے نتیجے میں پاکستان ان غیر قانونی منشیات کا بنیادی شکار اور گزرگاہ کے طور پر استعمال ہونے والا ملک بن گیا ہے۔ہماری مشکلات میں اضافے کیلئے جدید اور مصنوعی طریقے سے تیار کردہ منشیات اور آئس نے بھی پاکستان کو نشانہ بنا لیا ہے۔جس کی وجہ سے منشیات کی مقامی کھپت اور منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور ہمارے معاشرے بالخصوص نوجوان نسل پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں،نیز علاج اور بحالی کی ناکافی سہولیات کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زیادہ ذمہ داریاں عائد ہو گئی ہیں۔
اے این ایف منشیات کے خلاف قانون نافذ کرنے والا پاکستان کا اولین ادارہ ہونے کی حیثیت سے اپنے فرائض کو پورا کرنے کیلئے مکمل طورپر پُرعزم ہے۔ اے این ایف پاکستان میں منشیات کی فراہمی کو روکنے، منشیات کے اسمگلروں کو گرفتار کرنے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔اے این ایف منشیات کے استعمال کے مضراثرات کے حوالے سے عوام الناس میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے وسیع پیمانے پر کوششیں کر رہاہے۔ منشیات کے خلاف عالمی دن کے موقع پر ہم یہ کہتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں کہ پاکستان منشیات کے خلاف بین الاقوامی کوششوں میں ایک قابلِ تقلید ملک کی حیثیت رکھتا ہے اور ہمیں منشیات کی غیر قانونی کاشت اور پیداوار کے سدِباب کرنے پر کامیابی کے نمونے کے طور پر لیا جاتا ہے۔ جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ پاکستان 2001 سے ’’پوست سے پاک ملک‘‘ کا درجہ رکھتا ہے، اے این ایف، دیگر شراکتی اداروں کے تعاون ،دستیاب وسائل، پیشہ ورانہ مہارت اور انتھک اقدامات کے ذریعے منشیات کی لعنت سے نمٹنے کے لئے سخت اقدامات کر رہا ہے۔تاہم منشیات کا استعمال ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے لئے تمام ممالک اور بین الاقوامی اداروں کو اسکے انسدادکے لئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ ہم اپنے شہریوں خصوصاً نوجوان نسل سے درخواست کرتے ہیں کہ منشیات کے خلاف جنگ میں اے این ایف کا ساتھ دیں کیونکہ آپ کی حمایت کے بغیر اس لعنت کا پھیلائو روکنا ناممکن ہے۔اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع اے این ایف کے ٹال فری نمبر1415پر دیں۔
بحیثیت ڈائریکٹر جنرل اے این ایف، میں انسدادِ منشیات و غیر قانونی اسمگلنگ کے عالمی دن کے موقع پر اپنی قوم اورعالمی برادری کو یقین دلاتا ہوں کہ اے این ایف انشاء اللہ پوری لگن اور اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ساتھ منشیات کے استعمال اور سمگلنگ کیخلاف جنگ جاری رکھے گی۔اے این ایف اپنے فرائض کو انجام دینے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور ارض پاک کو منشیات کے خطرات سے محفوظ رکھنے میں کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھے گی۔ہم اپنے منشورکو انتہائی عزم، خلوص اورعقیدت کے ساتھ آگے بڑھانے کا عہد کرتے ہیں۔اس موقع پر ہم اپنے شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہماری آنے والی نسلوں کے بہتر ’’کل‘‘ اوردنیا کو منشیات سے پاک کرنے کے مقدس فریضے کیلئے اپنا ’’آج‘‘ قربان کیا۔
اللہ ہم سب کا حامی و ناصر رہے۔ آمین
پاکستان زندہ باد
انسدادِ منشیات کے عالمی دن کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس کا پیغام
Jun 26, 2022