کراچی (این این آئی)وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہم مشکل فیصلے کر رہے ہیں تو اسکا سیاسی خمیازہ بھی بھگتنا پڑ رہا ہے، کیا ہمیں تیل کی قیمتیں بڑھانے پر لوگ ووٹ دیں گے؟ہم سیاست کو نہیں بلکہ ملک کو بچانے پر ترجیح دے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی پاکستان کے آئین و قانون کے تحت نہیں چلتی ہے، یہ صرف قبضہ کا قانون جانتے ہیں۔ امید ہے جلد ہی توانائی کا بحران ختم ہوگا صحافیوں کے لیے پروٹیکشن بل ہماری حکومت میں لازمی منظور ہوگا۔ہفتہ کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ آئی بی اے اور سی اے جے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اتنے اچھے ماحول میں بے انتہا تلخ گفتگو کی گئی، تہذیب کے دائرے میں سب نے اپنی رائے پیش کی۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لیے پروٹیکشن بل ہماری حکومت میں لازمی منظور ہوگا، ہمارے پاس توانائی یا گیس نہیں ہے، 1200 ملین یونٹ ہم بیرون ملک سے ایل این جی لاتے ہیں اور اسے بجلی کے کارخانوں کو دے رہے ہیں۔مصدق ملک نے کہا کہ ایک مہینے میں 5 مرتبہ فرنس آئل بیرون ملک سے منگوایا، 4 سال سے لوگ غلط بیانی کر رہے تھے، 6 تا 8 ہزار میگاواٹ بجلی صرف پانی سے بنتی ہے، جب پانی نہیں ہوتا تو وہ بجلی نہیں بنتی، اب توانائی کا بحران پیدا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سے 2 سال قبل 2 ڈالر پر ایل این جی مل رہی تھی، اس وقت ہم نے لانگ ٹرم کانٹریکٹ نہیں کیا اور بجلی نہیں خریدی، جو ایل این جی ہمیں 4 ڈالر کی ملتی تھی اب وہ 40 ڈالر کی بھی نہیں مل رہی، روس کی جنگ کے بعد سے شدید بحران پیدا ہوا ہے، اب ہم خریدنا بھی چاہیں تو 40 ڈالر میں بھی خرید نہیں پارہے، ہم اضافی فرنس آئل منگوا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ 15 جولائی کے بعد سے توانائی کا بحران کم ہونا شروع ہوگا، مون سون کی وجہ سے پانی آئے گا جب تک آئل بھی آجائے گا، امید ہے جلد ہی توانائی کا بحران ختم ہوگا، مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان صاحب نے جس پالیسی کا اعلان کیا اسکی قیمت 120 ارب روپے ماہانہ، سالانہ 1500 ارب روپے بنتے ہیں، پاکستان کا کل دفاعی بجٹ 1370 ارب ہے، قوم کے دکھ درد کا مداوا بارودی سرنگیں بچھا کر رہے ہیں، ہم مشکل فیصلے کر رہے ہیں تو اسکا سیاسی خمیازہ بھی بھگتنا پڑ رہا ہے، کیا ہمیں تیل کی قیمتیں بڑھانے پر لوگ ووٹ دیں گے؟انہوں نے کہا کہ ہم سیاست کو نہیں بلکہ ملک کو بچانے پر ترجیح دے رہے ہیں، ہمیں جلد ہی کنوں سے گیس دریافت کریں گے، سردیاں آنے سے پہلے کسی صورت پائپس میں ڈالی جائیں، سورج کی توانائی سے جو بجلی بنتی ہے اس پر انویسٹ کریں۔انہوںنے کہا کہ 4 سال تک کسی نے نہیں سوچا کہ سردیوں میں چولہوں میں گیس کہاں سے ڈالیں گے؟ اس بار سردیوں کا سیزن بہت سخت ہوگا، ہم نے یہ نوکری لی ہے تو ہم ذمہ دار ہیں، پی ٹی آئی پاکستان کے آئین و قانون کے تحت نہیں چلتی ہے، یہ صرف قبضہ کا قانون جانتے ہیں۔وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے مزید کہا کہ آئین و قانون کی عزت نہیں کرتے، پی ٹی آئی کی کوئی بات آئین سے ملتی نہیں ہے۔
مصدق ملک
مشکل فیصلوں کا خمیازہ بھگتنا پڑرہا،توانائی بحران جلد ختم ہو گا۔ مصد ق ملک
Jun 26, 2022