میڈیا سے گفتگو میں رہنما پیپلز پارٹی قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل آخری مراحل میں ہے، امید ہے ڈیل جلد طے پا جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس صرف 2 آپشن تھے کہ آئی ایم ایف کے پاس جائیں یا نہ جائیں، ہم نے بہت برے فیصلےسے بچنے کےلیے نسبتاً کم برا فیصلہ کیا، آئی ایم ایف کے پاس نہ جانےکی صورت میں ملک ڈیفالٹ ہو جانے کا خدشہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوا، روس یوکرین جنگ ختم ہونے سے تیل، گیس کی قیمتیں کم ہونے کا امکان ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان کو قانون کے دائرے میں رہ کر جلسے جلوس، ریلیاں کرنے کا مکمل حق ہے،اگر عمران خان پبلک آرڈر ڈسٹرب کریں گے تو قانون اپنا راستہ لے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کی سب سے وسیع البنیاد حکومت ہے، عمران خان پارلیمنٹ میں آ کر قانون سازی آگے بڑھنے کے مشاورتی عمل کا حصہ بنیں۔