لاہور‘ واربرٹن‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر + نامہ نگاران + نوائے وقت رپورٹ) لاہور اور شیخوپورہ میں شدید گرمی سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد متاثر ہوئے ہیں۔ دوسری طرف مل ک بھر میں شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 بجکہ دیہات میں 18 گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے بجلی کی طلب اور رسد میں خلیج وسیع ہو گئی ، شارت فال 6ہزار598میگا واٹ تک پہنچنے کی وجہ سے شہری علاقوں میں 4 سے 6 جبکہ دیہی علاقوں میں 8 سے 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ لاہور میں گرمی کی شدت کی وجہ سے 2افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پاورڈویژن کے حکام کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 402 میگاواٹ ہے جبکہ طلب 27 ہزار میگاواٹ رہی۔ بجلی کی کمی کی وجہ سے ترسیلی کمپنیوں کو کوٹے سے کم بجلی مل رہی ہے جس کی وجہ سے مختلف شہری علاقوں میں 4 سے 6 جبکہ دیہی علاقوں میں 8سے 10گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ سسٹم اوور لوڈ اور ٹرپنگ سے کچھ علاقوں میں کئی کئی گھنٹے مسلسل بجلی کی بندش کی شکایات ہیں جبکہ زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ معمول سے زیادہ ہے۔ لیسکو کی بجلی کی طلب 5500 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے، واربرٹن میں شدید گرمی اور لو لگنے سے دو خواتین جاں بحق ہوگئیں جبکہ نواحی گاو¿ں کی ایک خاتون بیہوش ہوگئی۔بتایا گیا ہے کہ محلہ اقصیٰ کالونی واربرٹن کے رہائشی ذوالفقار کی بیوی اور شیخ محمد یعقوب کی بیٹی شدید گرمی برداشت نہ کرتے ہوئے بے ہوش ہوگئیں جنہیں ہسپتال لے جایا گیا کہ دم توڑ گئیں۔نواحی گاو¿ں جھگیاں کی ساٹھ سالہ خاتون سیماں بی بی بازار سے سودا سلف خریدتے ہوئے بیہوش ہوگئی۔ راولپنڈی اور اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کے مطابق اموات ایک ہفتے کے دوران 9 اموات رپورٹ ہوئیں، گرمی جانیں لے گئی مگر اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال پمز کے ایئر کنڈیشن اب تک خراب ہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ پمز اسپتال میں بھی جمعے اور ہفتےکو شدید گرمی کے باعث چند اموات بھی ہوئیں جبکہ اسپتال کی فارمیسی میں جان بچانے والی سینکڑوں ادویات، ویکسن اور لیکویڈز خراب ہونےکا خدشہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق 4 افراد کو پمز اسپتال لایا گیا، بدھ کو ہیٹ اسٹروک سے 3 افراد اور جمعرات کو ایک شخص کی موت ہوئی، ہیٹ اسٹروک سے ایک موت روات اور ایک بگا کے علاقےمیں ہوئی، کلرسیداں کے علاقے میں بھی ہیٹ اسٹروک سے ایک ہلاکت ہوئی۔ ایمرجنسی، سرجیکل، سی سی یو اور آئی سی یو کا کولنگ سسٹم کئی ماہ سے سروس سے محروم ہے، کئی ڈاکٹر بھی ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو حافظ میاں نعمان نے کہا ہے طلب کے مطابق این پی سی سی کی جانب سے بجلی فراہم نہیں کی جا رہی۔ عید پر لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی تاہم لوڈ مینجمنٹ ضرور کی جائے گی۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے،شہری علاقوں میں دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک پہنچ گیا جبکہ دیہات میں 15 سے 18 گھنٹے تک بجلی بند کی جاتی ہے، بجلی نہ ہونے سے شدید گرمی میں لوگ اور خاص کر بوڑھے اور بچے بے حال ہیں۔خیبر ٹیچنگ اسپتال میں بھی لوڈ شیڈنگ بے قابو جس سے مریضوں کی جان خطرے میں پڑ گئی۔ ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسی خیل نے کوئٹہ شہر میں بجلی کی بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو (آج) پیرکو اسمبلی طلب کر لیا۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اتوار کو ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر سردار بابر موسی خیل کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن نصر اللہ زیرے نے کہا کہ کوئٹہ میں گزشتہ کئی دنوں سے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے شہر کے ایسے علاقے بھی ہیں جہاں 48 گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہی ہے شدید گرمی میں لوگ بدحال ہوگئے ہیں۔
لاہور ، وار برٹن میںگرمی سے 4 افراد جاں بحق ، غیر اعلامیہ لوڈ شیڈنگ 18 گھنٹے تک جاپہنچی
Jun 26, 2023