اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔ انہیں وزیراعظم بننے کیلئے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔ قومی اسمبلی چیئرمین سینٹ مراعات بل پاس نہ کرے۔ ارکان پارلیمنٹ اپنے خرچ پر حج کیلئے جا رہے ہیں۔ خصوصی پرواز کا تاثر درست نہیں۔ انہوں نے یہ گفتگو گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خطاب اور ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کی۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، پارلیمنٹ نے الیکشن کمیشن کو اختیار دیا ہے، مجھے تاحیات نااہل کیا گیا تھا، سپریم کورٹ نے میری نااہلی ختم کی، سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، سیاستدانوں کے حقوق پر ہی اتنی سختی کیوں کی جاتی ہے۔ 436 کیسز میں سے صرف نواز شریف کا کیس اٹھا کر انہیں نااہل کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات کی تیاری شروع کر دی ہے، مسلم لیگ (ن) الیکشن موڈ میں آ چکی ہے، اسمبلیوں کی قبل از وقت تحلیل قیاس آرائیاں ہیں۔ قبل ازیں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نہایت نامساعد حالات میں اسحاق ڈار نے بجٹ پیش کیا، ہماری مشکلات اس وقت کوہ ہمالیہ سے بھی زیادہ ہیں، جو معاشی حالات ہیں اس میں چیئرمین سینٹ کی مراعات کا دفاع نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا ہے کہ جب ہم لوگ پروٹوکول کے ساتھ گزرتے ہیں تو عوام برا بھلا کہتے ہیں، لوگوں کی غربت کا تمسخر نہیں اڑانا چاہیے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افسران کی مرضی کے بغیر لوگ اتنی تعداد میں لوگ باہر نہیں جاسکتے، ایجنٹ مافیا کے ساتھ اداروں کے افسر ہوتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کا کاروبار سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ اور آزاد کشمیر میں ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ان لوگوں کو پکڑتا نہیں۔
نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے، قومی اسمبلی چیئرمین سینٹ مراعات بل پاس نہ کرے : خواجہ آصف
Jun 26, 2023