منیٰ میں خیمہ بستی آباد‘ مناسک حج کا آغاز آج ہوگا

مکہ مکرمہ‘ ریاض (ممتاز احمد بڈانی‘ نوائے وقت رپورٹ) مناسک حج کا آغاز آج منیٰ میں عازمین کے قیام سے ہوگا۔ اس کیلئے خیموں کی بستی آباد ہو گئی ہے۔ عازمین حج منیٰ میں جمع ہوکر رات بھر وہیں قیام کریں گے اور کل منگل کو نماز فجر کے بعد عرفات روانہ ہوں گے۔ 9 ذی الحجہ کو عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائے گا۔ دنیا بھر سے 16 لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس پہنچے ہیں۔ عازمین حج کی حفاظت کیلئے محکمہ شہری دفاع نے گیس سلنڈر رکھنے کی سختی سے ممانعت کی ہے۔ مکہ مکرمہ کی گلیوں میں لبیک اللہم لبیک کی صدائیں بلند ہونے لگیں۔ ڈی جی حج نے پاکستانی میڈیا کو بتایا کہ پاکستانی عازمین حج کو بسوں کے ذریعے منیٰ کی خیمہ بستی پہنچانے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ سعودی مکاتب نے پاکستانی عازمین حج کو خیموں کے کارڈ‘ ٹرین ٹکٹ کی تقسیم مکمل کر لی ہے۔ سرکاری حج سکیم کے عازمین کیلئے منیٰ کی خیمہ بستی میں 19 مکاتب حاصل کئے گئے ہیں جبکہ 51 ہزار 267 عازمین حج کو مشاعر ٹرین کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ 30 ہزار 185 عازمین حج کو بسوں کے ذریعے منیٰ‘ عرفات اور وادی مزدلفہ لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ موسم کی شدت سے بچانے کیلئے بیشتر عازمین کی روانگی رات کو ہی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے حجاج کرام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عازمین کرام ایام حج میں اپنے ہمراہ مختصر سامان رکھیں۔ گرمی سے بچنے کیلئے چھتری‘ مشروبات کا استعمال‘ رہنمائی کیلئے موبائل ایپNavigatorHajj اور سبز سکارف پہنیں۔ معاونین حج سے مدد‘ عازمین حج مناسب حج کی ادائیگی کیلئے مکاتب مقرر کردہ اوقات کار کی سختی سے پیروی کریں۔ ساتھی عازمین حج‘ ضعیف افراد اور خواتین کا خیال رکھیں۔ مشاعر کے تقدس کو پیش نظر رکھیں۔

ای پیپر دی نیشن