گوجرانوالہ:ڈپٹی کمشنر کا دورہ سرکاری طور پر قائم عارضی مویشی منڈیاں

Jun 26, 2023


گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے اتوار کے روز شہر کے اطراف میں سرکاری طور پر قائم عارضی مویشی منڈیوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے محکموں کی طرف سے دی گئیں سہولیات کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر مامور افسران و عملہ کی حاضری بھی چیک کی۔انہوں نے مویشی منڈیوں میں شہریوں اور قربانی کے جانوروں کے لیے پینے کے پانی کی فراہمی، سایہ، فرسٹ ایڈ، جانوروں کی ویکسی نیشن، ٹریفک و سکیورٹی انتظامات اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا اور رجسٹرز میں انتظامات کے حوالے سے اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور لوکل باڈیز کے افسران کو اپنے زیر انتظام قائم عارضی مویشی منڈیوں میں سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔یاد رہے کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر دیگر اضلاع کی طرح گوجرانوالہ میں بھی قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے شہریوں کی سہولت کیلئے ضلع بھر میں 14 مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں۔ گوجرانوالہ سٹی و صدر میں 5، 5، وزیرآباد میں 2 اور کامونکی و نوشہرہ ورکاں میں ایک ایک عارضی مویشی منڈی قائم کی گئی ہے۔

مزیدخبریں