لاہور (خصوصی نامہ نگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں اجتماعی قربانی کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ رواں سال جامعہ نعیمیہ میں350 سے زائد جانورراہ خدا میں قربان کئے جائینگے جن میں گائے، بیل اور اونٹ شامل ہیں۔ اس سال بھی جامعہ نعیمیہ میں اجتماعی قربانی سے 2 ہزار سے زائد خاندان مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہارجامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈا کٹر راغب حسین نعیمی نے انتظامی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں قربانی کی کھال کے صحیح ترین مصرف وہ دینی مدارس ہیں جہاں مسلمانوں کے بچوں کو قرآن و حدیث اور فقہ اسلامی کی تعلیم دی جاتی ہے۔ جامعہ نعیمیہ گزشتہ 70 سالوں سے دین اسلام کی ترویج و اشاعت میں مصروف عمل ہے۔ اس وقت بھی ادارے میں2100 سے زائد طلبہ و طالبات دینی و عصری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ لہٰذا اہل اسلام سے اپیل ہے کہ اپنی قربانی کے جانوروں کی کھالیں دارالعلوم نعیمیہ کے مستحق مسافر طلبہ و طالبات کو عطیہ کریں۔ جامعہ نعیمیہ کے زیراہتمام قربانی کی کھالیں اکٹھی کر نے کیلئے لاہور میں 120 مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گے جہاں پر اہل اسلام کھالیں جمع کرا سکتے ہیں۔
موجودہ دور میں قربانی کی کھال کے صحیح ترین مصرف دینی مدارس ہیں:راغب نعیمی
Jun 26, 2023