لاہور(نیوز رپورٹر) لاہور کی رہائشی سکیم سبزہ زار کے مکینوں کا اس سکیم میں قبرستان کیلئے اراضی مختص کرنے کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا۔ جے بلاک سبزہ زار سے ملحق 24 کنال کے قطعہ اراضی کو قبرستان کیلئے مختص کرکے اس پر چاردیواری تعمیر کر دی گئی ہے۔ گذشتہ روز مسلم لیگ(ن) کے سابق ایم این اے مہر اشتیاق احمد انور، سابق صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان، سبزہ زار ویلفیئر سوسائٹی کے صدر سعید آسی اور سبزہ زار یونین کونسل کے سابق چیئر مین حاجی محمد طارق نے اس ماڈل قبرستان کا افتتاح کیا۔ اس سلسلہ میں منعقدہ دعائیہ تقریب میں سبزہ زار ویلفیئر سوسائٹی کے عہدے داروں بشمول حاجی محمد ارشد اور سبزہ زار سکیم کے مکینوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں خطاب کے دوران مہر اشتیاق اور رانا مشہود نے سعید آسی اور حاجی طارق کی جانب سے اس قبرستان کی توسیع سے متعلق کیا جانے والا تقاضہ بھی پورا کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے علاقہ کی بہتری اور اس کے شہری مسائل کے حل کے لیئے سبزہ زار ویلفیئر سوسائٹی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ سوسائٹی کے صدر سعید آسی اور دیگر عہدے داروں نے بے لوث خدمات سرانجام دی ہیں۔ سعید آسی نے سبزہ زار سکیم میں معیاری ہسپتال، گرلز ہائی سکول، جدید سپورٹس کمپلیکس اور کرکٹ گراو¿نڈ تعمیر کرانے اور دوسرے ترقیاتی کام کرانے پر مہر اشتیاق انور اور رانا مشہود احمد خان کا شکریہ ادا کیا۔