لاہور (سپورٹس رپورٹر) نئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخاب کےلئے کل بروز منگل 27 جون کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس ہوگا ۔اجلاس سہ پہر 2 بجے ہو گا، جس میں پی سی بی کے نئے چیئرمین کا انتخاب کیا جائےگا، اور نئے چیئرمین کے انتخاب کےلئے 10رکنی گورننگ بورڈ کے ممبراناپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔پیٹرن ان چیف پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزیراعظم شہباز شریف کے نامزد ذکاءاشرف چیئرمین شپ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں اور ان کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا قوی امکان ہے۔گزشتہ روز پی سی بی کے الیکشن کمشنر شہزاد رانا نے گورننگ بورڈ کے ناموں کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق نئے بورڈ میں لاڑکانہ، ڈیرہ مراد جمالی، حیدرآباد، بہاولپور ریجن، نیشنل اورسٹیٹ بنکس، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن بھی گورننگ بورڈ میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ پی سی بی کے نئے چیئرمین کے انتخاب کےلئے پہلے 28 جون کی تاریخ دی گئی تھی، تاہم وفاقی حکومت کی جانب عیدالاضحٰی کی چھٹیوں میں اضافے اور 28 جون کو چھٹی میں شامل کئے جانے کے بعد پی سی بی کی جانب سے تاریخ تبدیل کرکے 27 جون کر دی گئی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی سابق مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان شکیل شیخ اور گل زادہ نے گورننگ بورڈ اور چیئرمین الیکشن کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا۔دونوں کیسز کی ابتدئی سماعت آج پیر کو لاہور ہائیکورٹ میں ہوگی جس میں بورڈ کے الیکشن کے حوالے سے عدالتی حکم کا اہم اعلان متوقع ہے۔ چیئرمین پی سی بی کیلئے انتخاب کا عمل منگل کو لاہور میں ہونا ہے جبکہ عہدے کیلئے ذکا اشرف کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔ دوسری جانب گزشتہ دنوں مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے بنائے ہوئے بورڈ آف گورنرز کوکالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمشنر شہزاد فاروق رانا نے نئی باڈی کا اعلان کردیا تھا، چیئرمین پی سی بی کا انتخاب 27جون کو ہونا ہے۔ واضح رہے کہ 21جون کو گورننگ بورڈ کے معاملے پر قائم مقام چیئرمین پی سی بی نے قانونی رائے طلب کرلی تھی، مینجمنٹ کمیٹی نے منعقدہ اجلاس میں گورننگ بورڈ کے 8ارکان کا اعلان کردیا تھا۔ البتہ وزارت بین الصوبائی امور کا کہنا ہے کہ 19اور20جون کی درمیانی شب چونکہ کمیٹی کی مدت ختم ہوگئی اس لیے اسے فیصلوں کا کوئی اختیار نہیں۔