لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر اور صدر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے شفاف انتخابات نہ ہوئے تو نتائج بہت برے نکلیں گے اور عالمی برادری تسلیم نہیں کرے گی ، اس امر کا اظہار انہوں نے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین نے بھی خطاب کیا۔ مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ یوتھ کنونشن میں نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نوجوانوں نے پاکستان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔چوہدری سرور نے کہا ہم ایک ایٹمی ملک ہیں لیکن کشکول لیکر دوسرے ممالک میں حکمران پھرتے ہیں، بہت سیاسی جماعتوں میں کام کیا لیکن شافع حسین زیادہ متحرک انداز سے بطور جنرل سیکرٹری پنجاب کام کرتے نظر آئے۔ جب گورنر بنا تو تاریخ میں پہلی بار وائس چانسلرز کی تعیناتی میرٹ پر کی۔ پنجاب کی تمام یونیورسٹیوں میں قرآن پاک کو ترجمے کیساتھ لازم قرار دیا جس پر فخر ہے۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہا وقت آگیا ہے نوجوان سچ اور جھوٹ بولنے والوں کے بارے میں سوچیں۔ نو مئی کو جو کچھ ہوا اسکے پیچھے اس پارٹی کا لیڈر ہی شامل ہے۔ نو سال کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت رہی لیکن ایک بھی جنرل ہسپتال نہیں بنا۔ پنجاب میں موقع ہم کو ملا تو جنرل ہسپتال اور ٹیکنیکل کالج میں بہتری لائینگے ۔
چوہدری سرور