واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکا نے اسرائیلی حکومت سے مغربی کنارے میں اپنے شہریوں کی جانوں کی حفاظت کو یقنینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس علاقے میں یہودی بستیاں آباد کرنے سے باز رہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے مغربی کنارے میں ہزاروں نئی عمارتوں کے پرمٹ منظور کرنے پر اسرائیلی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے اسرائیل پر فریقین کے ساتھ مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکا ایسے یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا ہے جو امن کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہوئے فلسطین کے دو ریاستی حل کو مزید مشکل بنا دے۔ میتھیو ملر نے یہودی آبادکاروں کے لیے نئی عمارتوں کی منظوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئی آبادیوں کی پرمٹ سے امریکا سخت پریشان ہے جس کے باعث امریکی شہری مغربی کنارے میں خطرے سے دوچار ہیں۔ وائٹ ہاو¿س کے ترجمان جان کربی نے بھی مغربی کنارے میں امریکیوں کی جانوں کو لاحق خطرے سے متعلق ”العربیہ“ سے گفتگو میں بتایا کہ اس معاملے پر اسرائیلی حکومت کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل اسرائیل نے مغربی کنارے میں نئی بستیوں کی توسیع کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔
امریکہ