راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے امتِ پر نہایت مقدس اور حرمت والا مہینہ ذوالحج شریف سایہ فگن ہے جس کے متعلق ہمارے آقا و مولا نے ارشاد مبارک فرمایا پورے سال کے دنوں میں سب سے زیادہ فضیلت والے ا یام ذوالحج شریف کے پہلے دس ایام ہیں اور ان دس ایام میں 9ایام تک ہر ایک روزے کا ثواب ایک سال کے روزوں کے برابر ہے اور ان ایام کی د س راتوں میں ہر رات کی عبادت کا ثواب لیلتہ القدر کے برابر ہے۔دینِ متین کی تمام تعلیمات و عبادات نماز، روزہ، حج، زکوة اپنے اندر کسی نہ کسی طرح قربانی کا عظیم فلسفہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں۔یہاں پر یہ بات خاص طور پر قابلِ ذکر ہے صاحبِ استطاعت قربانی کی رقم کو کسی اورکارِ خیر میں خرچ نہ کرے کیونکہ عیدالاضحیٰ کے دن احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں ابنِ آدم کا کوئی عمل بھی قربانی کے جانور کے خون بہانے سے زیادہ بارگاہِ الٰہی میں مقبول نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا، اختتام پرپیر محمد نقیب الرحمن نے وطن ِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے خصوصی دعاکی۔
صاحبِ استطاعت قربانی کی رقم کسی اورکارِ خیر میں خرچ نہ کریں، نقیب الرحمن
Jun 26, 2023