امریکہ کے ساتھ تعلقات مستقبل کے لیے اہم ترین ہیں ، اسرائیلی وزیر دفاع

Jun 26, 2024

واشنگٹن(این این آئی)اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں قید اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی کے لیے کام کریں گے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن کے دورے پر آئے ہوئے گیلنٹ نے امریکا کے ساتھ قریبی تعاون پر زور دیا۔اسرائیلی وزیر دفاع نے مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے)کے سربرا بیل بیرنز سے ملاقات کی۔ بیرنز اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے مذاکرات میں مرکزی امریکی ذمے دار ہیں۔امریکی ذمے دار کے ساتھ ملاقات شروع ہونے سے قبل یوو گیلنٹ نے کہا کہ میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اسرائیل بنا کسی استثنا بنیادی طور پر یرغمالیوں کی اپنے گھروں کو اور اہل خانہ کے پاس واپسی کا پابند ہے۔ ہم ان کی واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔اسرائیلی وزیر دفاع نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے بھی ملاقات کی۔ تقریبا دو گھنٹے تک جاری رہنے والی بات چیت میں انٹونی بلنکن نے غزہ کی پٹی میں انسانی شعبوں میں کام کرنے والوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات کے بعد رخصت ہوتے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اس ملاقات کے موقع پر وزارت خارجہ کے دفتر کے باہر درجنوں مظاہرین نے نعرے بازی کی۔ انہوں نے یوو گیلنٹ کو جنگی مجرم قرار دیا۔اسرائیلی وزیر دفاع کے مطابق کئی برسوں سے واشنگٹن کے زیر قیادت اسرائیل اور امریکا کا اتحاد نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ ہمارے تعلقات سلامتی کے تناظر میں ہمارے مستقبل کے لیے اہم ترین عنصر ہے۔

مزیدخبریں