اسلام آباد (آئی ا ین پی ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کے کیس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی اخراج مقدمہ کی درخواستیں منظور کر لیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فیصلہ سنا دیا۔ سربراہ عوامی لیگ شیخ رشید کی ایک ہی الزام پر مختلف صوبوں ، اسلام آباد میں درج مقدمات خارج کرنے کی درخواستیں منظور کرلی گئیں، عدالت نے شیخ رشید کے خلاف تھانہ موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات خارج کر دیے۔ شیخ رشید فیصلہ سننے کیلئے کمرہ عدالت میں موجود تھے ، شیخ رشید پر بلاول بھٹو کیخلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شیخ رشید نے آصف علی زرداری پر بانی پی ٹی آئی کے قتل کی سازش کا الزام بھی لگایا تھا ، شیخ رشید کے خلاف اسلام آباد کے علاوہ سندھ اور بلوچستان میں بھی مقدمات درج کیے گئے تھے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ایک کیس 3 مختلف شہروں میں درج نہیں کیا جاسکتا، عدالت کے فیصلے سے یاسمین راشد،عالیہ حمزہ،صنم جاوید کیلئے راستہ کھلا ہے، بڑاوکیل بانی پی ٹی آئی یا اسمبلی کی ٹکٹ کیلئے عدالت میں پیش ہوتاہے، قبرایک ہے، مردے تین ہیں،جلدفیصلہ ہونیوالا ہے، 30اگست سے پہلے فیصلہ ہوجائے گا،قبرمیں کون جائے گا۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ لوگوں کواٹھانا یہاں فیشن بن گیا ہے، پاکستان میں ہیجڑے مقبول ترین طاقت بن چکے ہیں ، پاکستان اہم ترین دور سے گزررہاہے، حکمران چین سے بھی منہ لٹکائے واپس آئے ہیں، قوم حق سچ کیساتھ ہے،سچ کی فتح ہوگی۔
بلاول بھٹو کیخلاف نازیبا الفاظ کا استعمال،شیخ رشید کی اخراج مقدمات کی درخواستیں منظور
Jun 26, 2024