اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)قومی اسمبلی میں استحکام پاکستان پارٹی کے پارلیمانی وفد نے وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید مصطفی شاہ سے ملاقات کی۔ وفد میں اراکین قومی اسمبلی عون چوہدری، گل اصغر بھگور اور منزہ حسن شامل تھے۔اس موقع پر قومی اسمبلی کے رواں بجٹ سیشن کے حوالے سے تبادلہ خیال ہواجبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر سید مصطفی شاہ نے استحکام پاکستان پارٹی کے جمہوری کردار کو سراہا۔ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے جمہوری اور پارلیمانی امور میں اپنی پارٹی کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔