کرگل جنگ میں بھارت کو اسلحہ دیا تھا، وہ غزہ میں مدد کر رہا، سابق اسرائیلی سفیر کا انکشاف

Jun 26, 2024

تل ابیب (آئی این پی) بھارت میں اسرائیل کے سابق سفیر ڈینئیل کارمون نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے 1999ء میں کرگل جنگ کے دوران پاکستان کے خلاف بھارت کو ہتھیار فراہم کرکے اس کی مدد کی تھی اور اب نئی دہلی غزہ میں جاری اسرائیلی پیش قدمی میں مدد کررہا ہے۔ سابق اسرائیلی سفیر کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب بھارت کی جانب سے غیر اعلانیہ طور پر 27 ٹن دھماکہ خیز مواد سے لیس مال بردار جہاز بھارت سے اسرائیلی بندرگاہ پہنچنے کی خبریں زیر گردش ہیں۔ اسرائیلی  اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈینیئل کارمون نے کہا کہ اسرائیل ان چند ممالک میں سے ایک ہے جس نے پاکستان کے ساتھ جنگ کے دوران بھارت کو ہتھیار فراہم کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیں ہمیشہ یاد رکھتا ہے، بھارتی اس بات کو نہیں بھولتے اور حماس کیخلاف  (غزہ میں اسرائیلی جارحیت) جنگ میں احسان چکا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سفیر ڈینئیل کارمون 2014ء سے 2018ء تک بھارت میں اسرائیل کے سفیر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 1999ء کی کرگل جنگ کے دوران اسرائیل نے گائیڈڈ گولہ بارود اور ڈرون سمیت فوجی سامان اور دیگر سامان فراہم کیا۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق بھارت نے اسرائیل کو حیدرآباد میں تیار کردہ جدید ہرمیس 900 ڈرون فراہم کیے ہیں۔ جدید ہرمیس ڈرون کی تیاری کے لیے حیدرآباد میں خصوصی انتظامات کیے گئے، تاہم اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے استعمال کے لیے 20کے قریب ڈرون بھیجے گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی ورکرز پر پابندی کے بعد اسرائیلی معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے انڈین ورکر ز بھیجے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں