پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف نے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے تحفظات پر قبائل امن جرگہ اور آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا۔ خیبر پی کے حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پی ٹی آئی قبائل امن جرگہ کے بعد وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا، جس کی تاریخ اور وقت کا تعین جلد کیا جائے گا۔ بیرسٹر سیف نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے زیر انتظام قبائل امن جرگہ کل بروز بدھ رینگ روڈ حیات آباد ٹول پلازہ کے قریب تین بجے منعقد ہو گا، جس میں قبائلی مشران سمیت پی ٹی آئی کے مرکزی و صوبائی قائدین شرکت کریں گے۔ مشیر اطلاعات کے مطابق جرگے میں قبائلی آضلاع میں امن امان اور عزم استحکام کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی جائے گی جبکہ جرگے میں قرارداد پاس کی جائیں گی جسے بعدازاں وزیر اعلی خیبر پی کے کو پیش کیا جائے گا اور پھر ان قراردادوں کو پارلیمنٹ و خیبر پی کے اسمبلی میں بھی پیش کیا جائے گا۔