چینی کی قیمت بڑھی تو برآمد روک دی جائیگی، سولر پینل پر نئی ڈیوٹی نہیں لگے گی: وفاقی کابینہ

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی کابینہ نے چینی کا اضافی ذخیرہ برآمد کرنے،وزارت تجارت کی سفارش اور اقوام متحدہ کے عالمی غذائی پروگرام برائے افغانستان کی استدعا پر ٹرکوں کے پرزوں پر مشتمل ایک کنٹینر کی حد تک کراچی سے کابل ٹرانزٹ اجازت دے دی‘ کابینہ کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی بڈنگ اگست کے پہلے ہفتے میں ہو گی۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ عام آدمی کی قابل تجدید شمسی توانائی تک رسائی یقینی بنانے کے لیے سولر پینلز پر کسی قسم کی نئی ڈیوٹی نہیں لگائی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کم لاگت قابل تجدید شمسی توانائی ہر شہری تک پہنچائیں گے۔معیشت کو مثبت سمت پر گامزن کرنے کے لیے بھرپور منصوبہ بندی کررہے ہیں۔اللہ کے فضل وکرم سے ملک معاشی استحکام کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعت کو ترقی دے کر ملکی برآمدات میں اضافہ کریں گے۔اشرافیہ اور ملکی وسائل کا استحصال کرنے والوں کی مراعات کو ختم کیا جائے گا۔عام آدمی کے معاشی تحفظ اور اسے یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بجٹ 25 ۔ 2024ء  پر بحث کے دوران وزراء  پارلیمان میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔ اجلاس کو ریاستی اداروں کی نجکاری بالخصوص پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز کی نجکاری پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔پری بڈنگ کے عمل میں دلچسپی کا اظہار کرنے والی کمپنیاں پی آئی اے کی مختلف سائٹس کا دورہ کر رہی ہیں۔ پی آئی اے کی بڈنگ اگست کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے اور اس میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت کی۔  وفاقی کابینہ نے وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈویژن کی سفارش پر وزارت مذہبی امور، حکومت پاکستان اور وزارت اسلامی امور، دعوت و رہنمائی سعودی عرب کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی حکومت نے ریاستی اور سرحدی علاقوں کی ڈویژن کی سفارش پر اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بہاولپور کے امیر(مرحوم) کی غیر منقولہ جائیداد کے لیے قائم عمل درآمد کمیٹی کی مدت میں مارچ 2025ء تک توسیع دینے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ ڈویژن کی سفارش پر فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ (ایف اے بی)کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے چینی کی برآمد کے فیصلے کے بارے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں اور اس حوالے سے شوگر ایڈوائزی بورڈ و متعلقہ اداروں نے آئندہ کرشنگ شروع ہونے سے پہلے کی کھپت اور اضافی چینی کے ذخائر کا تخمینہ لگا کر باقی ماندہ میں سے قلیل مقدار میں چینی کی برآمد کی منظوری دی ہے۔وزیراعظم نے اس موقع پر واضح ہدایت جاری کی کہ چینی کی قیمت میں کسی بھی قسم کے اضافے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے اس حوالے سے ایک کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی جو چینی کی قیمت پر نظر رکھے گی اور اگر چینی کی قیمت میں کسی بھی قسم کے اضافے کا اندیشہ ہوا تو اس کی مزید برآمد کو روک دیا جائے گا۔وفاقی کابینہ نے کابینہ ڈویژن کی سفارش پر وزارت منصوبہ بندی ڈویژن کی تیار کی گئی قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کی سالانہ رپورٹ برائے مالی سال 23۔2022ء کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی اجازت دینے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13 جون 2024ء کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسزکے11جون 2024ء کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارے کے20 جون 2024ء کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...