اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بجٹ منظوری اور آپریشن عزم استحکام کی حمایت کا فیصلہ کر لیا۔ بلاول بھٹو نے پارلیمانی پارٹی اجلاس کی صدارت کی جس میں پارلیمانی پارٹی کو حکومت سے مذاکرات پر بریفنگ دی گئی۔ پارلیمانی پارٹی کو حکومت سے طے شدہ معاہدے پر اعتماد میں لیا گیا۔ پیپلز پارٹی رہنما نوید قمر نے کہا کہ پارٹی وفاقی بجٹ کو ووٹ دے گی، (ن) لیگ اور پی پی کے درمیان حکومت سازی پر معاہدہ ہوا تھا۔ پی پی اور حکومت کے درمیان مذاکراتی ادوار منعقد ہوئے، وزیراعظم سمیت وزراء مذاکرات میں شریک ہوئے۔ نوید قمر نے کہا کہ حکومت کو مذاکرات میں مطالبات سے آگاہ کیا، چاروں صوبوں کیلئے پی ایس ڈی پی مشاورت سے بنانے کا فیصلہ ہوا تھا، بدقسمتی سے پی ایس ڈی پی پر حکومت نے مشاورت نہیں کی۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں لیگی ارکان کے پی پی کے خلاف بیانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آپریشن عزم استحکام کا معاملہ زیر غور آیا، جس میں پیپلزپارٹی کی قیادت اور اراکین نے تحفظات کے باوجود آپریشن کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور پر عزم استحکام آپریشن کی حمایت کی جبکہ پی پی نے حکومت کو آپریشن کے حوالے سے اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پی پی قیادت نے واضح کیا کہ عزم استحکام آپریشن پر فریقین کو اعتماد میں نہ لینے پر تحفظات ہیں، پی پی کے تحفظات پر حکومت نے فریقین کو اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرائی۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی قومی سطح کے فیصلے مشاورت سے کرنے کی خواہش مند ہے اور انسداد دہشت گردی کے تمام اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔