لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے چار گھنٹے طویل اجلاس میں 56 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی عارضی بنیادوں پر فوری تقرری اور ڈاکٹرز کے لئے الاؤنس بڑھانے، وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ، پنجاب سکھ آنند کراج میرج رجسٹرار رولز 2024 اور پنجاب سکھ آنند کراج میرج رولز 2024کی منظوری دی۔ وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہاکہ پنجاب دنیا بھر میں سکھ میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔ انڈیا میں بھی سکھوں کو ہندو ایکٹ کے تحت میرج رجسٹرڈ کرانا پڑتی ہے۔ بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز صحت اور بعض تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں پر ڈاکٹرز کے الاؤنس میں اضافے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ٹی بی ہسپتال سرگودھا، جوبلی فی میل ہسپتال بہاولپور اور مزنگ ہسپتال لاہور کا انتظام منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ 8ممالک کے اوورسیز پاکستانیوں کو جائیداد کی منتقلی اور دیگر ریونیو سروسز کے لئے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ چنگ چی اور رکشے کو بتدریج متبادل ماحول دوست ٹرانسپورٹ پر منتقل کرنے اور سموگ کے خاتمے کے لئے موٹرسائیکل کے لئے فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی نے موٹر سائیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا طریقہ کار آسان بنانے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے یتیم طلبہ کو الیکٹرک بائیک دینے کے لئے طریقہ کار کی منظوری دی۔ وزیراعلی نے یتیم طلبا و طالبات کو الیکٹرک بائیک دینے کے لئے پراسیس جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ چند ماہ میں ہندو میرج ایکٹ بھی منظوری کے لئے پیش کردیا جائے گا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کے سرکاری گھر کی الاٹمنٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی اور کابینہ نے الاٹمنت میں توسیع کے اختیارات سرنڈر کر دئیے۔ کابینہ نے پہلی مرتبہ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز، سی ای او، ڈی ای او اور ڈی ڈی ای او کی تعیناتی کے شفاف طریقہ کار کی منظوری دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ محکمہ ہائر ایجوکیشن اور سکول ایجوکیشن میں انتظامی افسروں کی تعیناتی کے لئے آئی ٹی سکریننگ ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا۔ تحریری امتحان اور انٹرویو کے بعد امیدوار کو نفسیاتی ٹیسٹ بھی پاس کرنا ہوگا۔ ایجوکیشن کے انتظامی افسروں کو سلیکشن کے بعد لمز سے ٹریننگ کرائی جائے گی۔ کابینہ نے پنجاب میں تمام محکموں کے لائبریرین (BS-16) کو ماسٹر ڈگری حاصل کرنے پر (BS-17) دینے ، جلالپور ایریگیشن پراجیکٹ میں ریلوے کراسنگز کی تعمیر کے لیے پاکستان ریلوے کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی گئی۔ مون سون کے دوران اوسط سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کے تناظر میں اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ گوشت اور دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے ایگزوٹک ایمبریو کی درآمد اور ایمبریو کی مقامی پیداوار کو بریڈنگ سروسز میں شامل پنجاب اینیمل ہیلتھ (آئیڈنٹی فیکیشن اینڈ ٹریس ایبلٹی) ریگولیشنز 2024 اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، لاہور اور یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، بہاولپور کیلئے وائس چانسلرز سرچ کمیٹی کی منظوری دی گئی۔ یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں مزید ڈسپلن متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ بہاولپور کے صادق گڑھ محل کو ''محفوظ قدیم عمارت'' قرار دینے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پروکیورمنٹ رولز میں 5ترامیم کی منظوری دی گئی، سب سے کم بڈ دینے والے سے مزید کمی کے لئے بات چیت بھی کی جاسکے گی۔ پنجاب ڈرگز رولز 2007 میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔ لائسنس کے اجراء سے پہلے فارمیسی کی انسپیکشن کا اختیار حکومت کو دوبارہ حاصل ہو گا۔ کابینہ نے پیڈمک اور فیڈمک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور دیگر کی نمائندگی کی منظوری دی۔ اربن یونٹ، فیڈمک، پیڈمک، ٹیوٹا کے آڈٹ پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی نے کہاکہ بورڈز کی تشکیل نو کا فیصلہ کسی کی سفارش قبول نہ کی جائے۔ پنجاب میں پلگ اینڈ پلے گارمنٹ سٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ گارمنٹ سٹی پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ موبائل ایپ ٹیکسی سروسز کمپنیوں اور نجی گاڑیوں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے بہاولپور سے لودھراں تک سپیڈو بسوں کے آپریشنز کے کنٹریکٹ کی مدت میں اضافے، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (RUDA) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے سروس کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع، صاف پانی اتھارٹی ایکٹ 2024 کی بھی منظوری دی گئی۔ تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کی ذمہ داری ایک ہی اتھارٹی دیکھے گی۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی کابینہ نے منظوری دے دی، 14 اگست کو لانچ کیا جائے گا۔ وزیراعلی نے کہاکہ راجن پور، لیہ اور بھکر میں بچوں کیلئے میل پروگرام شروع کر رہے ہیں۔ نویں سے 12ویں جماعت کے لیے پاکستان کے قومی نصاب 2023 (فیز-III) اور پہلی سے 12ویں جماعت کے لئے دینی تعلیم کے جدید/نظرثانی شدہ نصاب کو اپنانے، ڈسٹرکٹ شوگر کین (ڈویلپمنٹ) سیس کمیٹیوں 2022-23 کی تشکیل کی منظوری دی۔ پاسکو کو درآمد شدہ گندم کی واجب الادا رقم کی ایڈجسٹمنٹ ادائیگی کی منظوری دی۔ مریم نواز نے کہا کہ سیاسی نہیں عوامی مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کرتی ہوں۔ تمام وزراء اپنے محکموں میں طلباء کی انٹرن شپ پروگرام تیار کریں۔ چیف منسٹر انٹرنشپ پروگرام کو تمام ڈپارٹمنٹس سے لنک کریں۔ جب آپ عوامی اور ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈالتا ہے۔ کابینہ نے قائد اعظم پولیس میڈلز اور صدر پولیس میڈلز کے لیے 39 افسروں کی سفارشات وفاقی حکومت کو بھیجنے کی منظوری دی۔ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی اور متعلقہ سیکریٹریز اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف نے اچانک چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں چھاپہ مارا۔ خالی کمرے، لائبریری اور آڈیٹوریم، لائٹس، پنکھے اور اے سی چل رہے تھے۔ وزیراعلی نے سرکاری وسائل کا بے جا ضیاع دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور چلڈرن لائبریری کمپلیکس کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی۔ باقاعدہ فنکشنل کرنے کے لئے فوری پلان تیار کرنے کا حکم دیا۔ مریم نوازشریف نے تقریباً خالی جمنیزیم، سوئمنگ پول کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے سینٹر آف جیالوجی، اے آئی، آرٹیفشل سیکشن اور دیگر شعبوں میں موجود سہولتوں کا جائزہ لیا۔ مریم نواز نے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ منصوبے کا دورہ کیا۔ سگیاں انٹرچینج سے بابو صابو تک سروس روڈز کا خود جائزہ لیا اور ایلیویٹڈ بند روڈ کا معائنہ کیا اور بند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے جولائی کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔