بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر راولپنڈی میں پنجاب اور ٹریفک پولیس کے ڈیسک قائم 

Jun 26, 2024

 راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ترجمان آرڈی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی خصوصی درخواست پر پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس نے مختلف خدمات فراہم کرنے کے لیے  بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر راولپنڈی میں ڈیسک قائم کر دیئے کنزہ مرتضیٰ نے بتایا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر اب پنجاب پولیس کی جانب سے کئی خدمات پیش کرتا ہے جن میں کریکٹر سرٹیفکیٹ، پولیس کی تصدیق، کرایہ داروں کی رجسٹریشن اورایف آئی آر کی کاپیاں شامل ہیں۔ مزید برآں، ٹریفک پولیس نئے ڈرائیونگ لائسنس، لائسنس کی تجدید، بین الاقوامی لائسنس، ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس اور لرننگ لائسنس جاری کرنے جیسی خدمات فراہم کرے گی۔ ڈائریکٹر جنرل آرڈی اے نے عوام کو بی ایف سی میں ان نئی دستیاب خدمات سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے سٹی پولیس آفیسر اور  ریجنل پولیس آفیسر کا بھی اس اقدام میں تعاون پر شکریہ ادا کیاراولپنڈی میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا مقصد کاروباری مالکان کو سہولت فراہم کرتے ہوئے ایک ہی چھت کے نیچے مختلف محکموں کی خدمات کو ہموار کرنا ہے۔ کنزہ مرتضیٰ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بی ایف سی سرمایہ کاروں کو مطلوبہ NOCs/RLCOs کے اجرا میں مدد کرتا ہے، جس میں محکمانہ نمائندے مقررہ مدت کے اندر فوری رہنمائی اور کارروائی فراہم کرتے ہیں، جس سے شہر میں کاروباری ماحول بہتر ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ اب انفرادی کمرشل اور صنعتی تعمیرات کی منظوری 30 دن میں ممکن ہوگی۔

مزیدخبریں