اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسوداورآئی جی موٹروے پولیس سلمان چوہدری کی زیر صدارت موٹرویز اور ہائی ویز پر 100فیصد ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم پر عمل درآمد کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح اجلاس اسلام آباد میں وزرارت مواصلات کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں موٹروے پولیس کے اعلیٰ افسران بھی شریک تھے ۔اجلاس میں اوورلوڈ نگ کرنیوالے ٹرانسپوٹرز کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سیکرٹری مواصلات نے شرکاء کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی شاہرائوں اور انسانی جانوں کو بچانے کیلئے 100فیصد ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم پر عمل درآمد کو ہرحال میں یقینی بنایا جائے۔ اوولوڈنگ پر قابو پانے کیلئے کسی سے بھی کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ اوورلوڈڈگاڑیوں کو موٹرویز اور ہائی ویز پر داخلے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے ۔ اس موقع پر آئی جی سلمان چوہدری نے کہا کہ ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم پر 100فیصد عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ایڈیشنل انسپکٹرز جنرل کی سر براہی میں سپیشل سکواڈ تشکیل دیئے گئے ہیں ۔ زونل اور سیکٹر کمانڈرز سرپرائز چیکنگ اور مانیٹرنگ میں مصروف عمل ہیں ۔ قومی شاہرائوں پر قائم وے اسٹیشنز (Weigh Stations) پر زائد وزن والی گاڑیوں سے اضافی سامان اتارا جا رہا ہے اور بھاری جرمانوں کے ساتھ اوور لوڈڈ گاڑیوں کو واپس بھی کیا جا رہا ہے ۔ اوولوڈ نگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کئے جا رہے ہیں۔ انسپکٹر جنرل سلمان چوہدری نے اوورلوڈنگ کے مکمل خاتمے کے عز م کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہر حال میں قیمتی شاہرائوں اور انسانی زندگیوں کو بچانا ہے ۔