کراچی : شدید گرمی سے مرنے والوں کی تعداد 27 تک پہنچ گئی

کراچی : شہر قائد میں تین روز کے دوران ملنے والی لاشوں کی تعداد 27 ہوگئی، جبکہ 3 لاشیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سخت گرمی قہر ڈھانے لگی اور مختلف علاقوں سے لاشیں ملنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تین روز کے دوران ملنے والی لاشوں کی تعداد 27 ہوگئی جبکہ 3 لاشیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔حکام نے بتایا کہ 24 لاوارث لاشیں سرد خانے میں موجود ہے اور شناخت کا عمل جاری ہے,ملنے والی لاشیں زیادہ تر نشے کے عادی افراد کی ہیں۔ریسکیو نے بتایا کہ یہ لاشیں منگھو پیر، اورنگی ٹاؤن، گلشن معمار اور سولجربازار سے ملیں، اورنگی ٹاؤن کے علاقے 12 نمبر چڑھائی سے 50 سالہ منور اور گلشن معمار میں 50 سالہ شخص کی شناخت اور موت کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔اس کے علاوہ منگھو پیر نہر کے قریب 35 سالہ متوفی کی شناخت اور موت کی وجہ بھی معلوم نہ ہوئی۔

خیال رہے شہر قائد کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا درجہ حرارت انتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔

گزشتہ شام سے جزوی طور پر بحال ہونے والی سمندری ہواؤں نے گرمی کی شدت میں تھوڑی بہت کمی کردی ہے۔

ای پیپر دی نیشن