لاہور (ثناءنیوز) الیکشن لڑنے کے خواہشمند دوہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کو امریکی شہریت چھوڑنے کی درخواست پر امریکہ نے انہیں این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ جس کے باعث 200 سے زائد دوہری شہریت رکھنے والے امیدواروں کے لئے الیکشن لڑنا مشکوک ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی شہریت رکھنے والے جہلم سے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ 27 پنڈدادنخان سے امیدوار سید انوار حسنات گذشتہ روز این او سی کے اجرا کے لئے امریکی قونصلیٹ گئے تو امریکی اہلکاروں نے انہیں این او سی جاری کرنے سے معذرت کر لی اور کہا کہ وہ امریکی شہریت چھوڑ بھی دیتے ہیں تو امریکہ کی موجودہ پالیسی کے تحت انہیں این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔ سید انوار حسنات نے میڈیا کو بتایا وہ اب اس حوالے سے الیکشن کمشن سے رابطہ کر کے اس قانونی پیچیدگی سے آگاہ کریں گے اور ضرورت پڑی تو سپریم کورٹ سے بھی رابطہ کریں گے۔ انہوں نے کہا الیکشن کمشن یا عدالت چاہے تو ان کا امریکی پاسپورٹ اپنے قبضہ میں لے سکتی ہے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی وہ اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کا حل نکالیں۔
امریکہ کا شہریت چھوڑنے کے درخواست گذار پاکستانیوں کو این او سی جاری کرنے سے انکار
Mar 26, 2013