اسلام آباد(این این آئی ) رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق آنے والے چند برسوں میں چین نان باسمتی چاولوں کی بڑی درآمدی منڈی ثابت ہو گا ،اس کی وجہ موجودہ مالی سال میں چین میں چاول کی بڑے پیمانے پر بر آمد ہے۔جنوری 2013ءکے دوران چین کو 72 ہزار 623 ٹن نان باسمتی چاول برآمد کرکے 3ارب ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کمایا گیا ہے۔ رواںمالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں کے دوران ایک ارب ڈالر سے زائد مالیت کے چاول برآمد کئے گئے ۔جبکہ صرف رواں ماہ مارچ کے پہلے ہفتے کے دوران 21 ہزار میٹرک ٹن باسمتی چاول برآمد کئے گئے۔ اعدادوشمار کے مطابق چین نان باسمتی پاکستانی چاولوں کی بڑی درآمدی منڈی بنتا جارہا ہے جبکہ تنزانیہ پاکستانی چاول درآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ روایتی منڈیوںکی بجائے غیر روایتی منڈیوں تک رسائی کے ذریعے چاولوں کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ کما کر ملکی معیشت مستحکم کی جاسکتی ہے۔
آئندہ چند برس چین چاولوں کی بڑی منڈی بن جائے گا
Mar 26, 2013