پاکستان بیس بال فیڈریشن نے محکموں کے ووٹ کا استحقاق ختم کر دیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان بیس بال فیڈریشن نے جنرل کونسل اجلاس کی منظوری کے بعد محکموں سے ووٹ کا استحقاق واپس لے کر انہیں صرف پلینگ رائٹس تک محدود کر دیا۔ پاکستان جلد بین الاقوامی ویمن بیس بال ٹورنامنٹ کی میزبانی کے فرائض انجام دیگا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سابق آئی جی پنجاب پولیس شوکت جاوید نے سیکرٹری فیڈریشن خاور شاہ کے ساتھ جنرل کونسل اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل کونسل اجلاس میں تمام ارکان کے متفقہ فیصلے کے بعد ہائر ایجوکیشن کمشن کو پاکستان بیس بال فیڈریشن سے الحاق کی منظوری دیدی گئی آئندہ فیڈریشن کے تمام ایونٹس میں ایچ ای سی کی ٹیم شرکت کرنے کی اہل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیس بال فیڈریشن نے کھیل کی ترقی کے لئے ایک کروڑ 55 لاکھ روپے کے اخراجات کئے جن میں سے وفاقی حکومت پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے صرف ساڑھے سات لاکھ روپے ملے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ممنون ہیں جنہوں نے سارک بیس بال کپ جیتنے پر قومی ٹیم کے لئے انعامی رقم کا نہ صرف اعلان کیا بلکہ فیڈریشن کو بھی سپورٹ کیا۔ شوکت جاوید نے کہا کہ آج 26 مارچ سے لاہور میں نیشنل بنک انٹر ڈیپارٹمنٹل بیس بال چیمپیئن شپ شروع ہو رہی ہے جس میں واپڈا، پولیس، ہائر ایجوکیشن کمشن کی ٹیمیں حصہ لیں گے۔ جنرل کونسل ارکان کی منظوری سے فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ اپریل میں نیشنل ویمن بیس بال چیمپئن شپ کا انعقاد راولپنڈی میں کرایا جائے گا۔ نیشنل مینز چیمپئن شپ ستمبر میں کرائی جائے گی جس کی میزبانی کے فرائض پنجاب کالج آف کامرس انجام دے گی۔ ایک سوال کے جواب میں شوکت جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان بیس بال فیڈریشن کے عہدیداران کا دوسرا ٹنوور ہے جس کے بارے میں پی ایس بی کے سیکرٹری کو باضابطہ خط کے ذریعے بھی آگاہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس پالیسی کا ہم پر کوئی اطلاق نہیں ہوتا جان بوجھ کو بعض لوگ کھیلوں میں گند ڈال رہے ہیں اگر وہ لوگ واقعی کھیل سے مخلص ہیں تو پہلے اپنی کھیلوں کی تنظیموں میں سپورٹس پالیسی کا اطلاق کریں بعد میں دوسروں پر اعتراض کریں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ نگران حکومت کے دور میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے درمیان معاملات خوشی اسلوبی سے طے پا جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن