”سیاسی قائدین شفاف انتخابات کیلئے وزیراعظم کھوسو کے ہاتھ مضبوط کریں“

Mar 26, 2013

لاہور(خصوصی نامہ نگار+ سپیشل رپورٹر) مذہبی سیاسی رہنماﺅں نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم اپنے عزائم پر قائم رہے تو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، سیاسی قائدین شفاف انتخابات کے لئے وزیراعظم کھوسو کے ہاتھ مضبوط کریں، بلوچستان کے ناراض لیڈروں اور علیحدگی پسند قوم پرستوں کو سیاست کے قومی دھارے میں لا کر ان کی انتخابی عمل میں شمولیت کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے جس کے لئے نگران وزیراعظم کو اپنی کوششیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو صاف ستھرے کردار اور اچھی سوچ کے مالک ہیں، انہیں قوم کی توقعات پر پورا اترنا ہو گا۔ جمعیت علمائے پاکستان کے چیئرمین پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کو منصفانہ انتخابات کا مقررہ وقت کے اندر انعقاد یقینی بنانا ہو گا۔جماعت اہلحدیث کے سربراہ حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ اگر نگران سیٹ اپ ملک کو شفاف انتخابات کا تحفہ دینے میں کامیاب رہا تو ملک میں جمہوریت کی بنیاد مستحکم ہو جائے گی۔جماعت اسلامی پنجاب کے نذیر جنجوعہ نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے عزائم خوش آئند ہیں اگر وہ عوامی توقعات پر پورا اترے تو قوم انہیں ہمیشہ یاد رکھے گی۔ جماعت اہلسنّت پنجاب کے صدر مفتی محمد اقبال چشتی نے کہا ہے کہ میر ہزار خان کھوسو کی بطور نگران وزیراعظم نامزدگی سے نگران سیٹ اپ میں بلوچستان کی مو¿ثر نمائندگی ہو گئی ہے۔ علاوہ ازیں عوامی حلقوں کا کہنا ہے ملک میں شفاف انتخابات ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو پاکستان کے بارے میں اپنی سوچ رکھتی ہو اگر انتخابات میں دھاندلی یا انتخابات کو ملتوی کرنے کی کوشش کی گئی تو اس سے ملک پر منفی اثرات مرتب ہونگے یہ باتیں لوگوں نے وزیر اعظم کے اس بیان جس میں انہوں نے شفاف انتخابات اور امن امان دو ترجیحات کی طرف نشاندہی کی ہے پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہیں۔ سید مبشر نیاز نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے الیکشن وقت پر ہوں الیکشن کمشن جھوٹے، ٹیکس چوروں کو الیکشن لڑنے سے روکے عوام اچھی اور صاف ستھری قیادت کو منتخب کر ے۔ عقیل بشیر نے کہا نگران وزیر اعظم سے سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے لئے سکیورٹی کا اعلان کریں۔ رب نواز نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت صاف اور شفاف الیکشن وقت کی ضرورت ہے۔ مظہر الحق نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کو فوری طور پر چاروں نگران وزراءاعلی کا اجلاس طلب کر لینا چاہیے جس میں الیکشن کے انعقاد اور الیکشن کے شفاف ہونے کے بارے میں پالیسی طے کر لی جائے۔

مزیدخبریں