اسلام آباد (نیٹ نیوز) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئسکو) نے نادہندگان کی فہرست مرتب کی ہے جس میں ایوان صدر، وزیراعظم ہاﺅس، پارلیمنٹ لاجز، کابینہ ڈویژن، الیکشن کمشن، سپریم کورٹ، افواج پاکستان، رینجرز اور پولیس کو ڈیفالٹر قرار دیا گیا ہے۔ بی بی سی کے پاس موجودہ اس فہرست میں ایک لاکھ یا اس سے زائد رقم کے نادہندگان کے نام شامل ہیں اور ایسے دو ہزار کے قریب ڈیفالٹرز کے ذمے ساڑھے سولہ ارب روپے بجلی کے بلوں کے مد میں واجبات بتائے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فہرست میں زیادہ تر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ذیلی دفاتر اور تینوں مسلح افواج کے مختلف ادارے جن میں ہسپتال بھی شامل ہیں کے نام ہیں اور کئی برسوں سے کروڑوں روپے ان کے ذمے ہیں۔ بجلی کے نادہندگان کی فہرست میں اسلام آباد کے چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر، جیل خانہ جات، پولیس فاﺅنڈیشن گولڑہ سمیت مختلف تھانے بوائز اور گرلز ماڈل کالجز اور مساجد کے نام بھی شامل ہیں۔ آئیسکو کے سوا 21لاکھ کے قریب صارفین ہیں جس میں گھریلو 18لاکھ کے قریب کمرشل 3لاکھ اور صنعتی صارفین کی تعداد ساڑھے بارہ ہزار کے قریب ہے۔ آئیسکو اسلام آباد کے علاوہ راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم کو بھی بجلی فراہم کرتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے چیف مارشل ایڈمنسٹریٹر ہاﺅس چار کروڑ کا نادہندہ ہے جبکہ افواج پاکستان کے راولپنڈی، مری اور مختلف شہروں میں کئی ذیلی اداروں کے ذمے بھی کروڑوں روپے ہیں۔ پنجند رینجرز کے ذمے 32 لاکھ روپے سے زائد بقایا جات ہیں۔ بلوچستان ہاﺅس 23 لاکھ سندھ ہاﺅس 13لاکھ، کابینہ بلاک 3کروڑ، ایوان صدر ایک کروڑ 8 لاکھ، پارلیمنٹ ہاﺅس 7کروڑ گیارہ لاکھ کے ڈیفالٹر ہیں۔آئیسکو کی فہرست کے مطابق سپریم کورٹ پونے تین لاکھ، الیکشن کمشنر ہاﺅس چار لاکھ، شریعت کورٹ پونے نو لاکھ، آڈیٹر جنرل ڈیڑھ لاکھ، وفاقی محتسب آٹھ لاکھ روپے اور اسلام آباد کا نیشنل پریس کلب ساڑھے تین لاکھ، اڈیالہ جیل سوا دو کروڑ اور بارہ کہو پولیس 50 لاکھ کے قریب بجلی بلوں کے نادہندہ ہیں۔ بجلی کے بلوں کے ڈیفالٹرز کی فہرست میں دفتر خارجہ کا ہاسٹل اور بعض سفارتخانے بھی شامل ہیں۔ فارن آفس ہاسٹل چار لاکھ، یو ایس ایڈ کی عمارت پونے آٹھ لاکھ، فرانس کا سفارتخانہ ایک لاکھ اور نائیجیریا کے سفارتخانے کے ذمے پونے چار لاکھ روپے ہیں۔ فہرست کے مطابق مسجد طور ڈیڑھ لاکھ، جامع مسجد ابوبکر صدیق اور جامع مسجد ایف سکس فور ایک ایک لاکھ روپے کے ڈیفالٹر ہیں۔
ایوان صدر، وزیراعظم ہاﺅس، سپریم کورٹ، الیکشن کمشنر آفس سمیت 2 ہزار بجلی نادہندگان کی فہرست تیار
Mar 26, 2013