شدت پسند سوچ کے خلاف جنگ میں جامع حکمت عملی، مربوط کوششوں کی ضرورت ہے: زرداری

Mar 26, 2013

اسلام آباد (اے پی پی) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا نہ صرف دنیا بھر میں پائیدار امن اور مساوی سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ بلکہ برداشت اور بین العقیدہ ہم آہنگی کی اعلیٰ اقدار کے تحفظ میں بھی اہم کردار ہے۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جیفری ڈیفیلٹ مین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں صدر کے سیکرٹری سلمان فاروقی، صدارتی ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر، صدر کی سیکرٹری نسرین حق، خارجہ سیکرٹری جلیل عباس جیلانی، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب مسعود خان اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ صدارتی ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر نے کہا کہ موجودہ دور میں عدم برداشت کی بڑھتی ہوئی لہر اور شدت پسند ذہنیت سے خطرات کے پیش نظر تیزی سے مجروح ہونے والی برداشت اور بین العقیدہ ہم آہنگی کی ارفع اقدار کے تحفظ میں اقوام متحدہ کا اہم کردار ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی کوششوں کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کے کام، بین الاقوامی امن کوششوں کے فروغ اور کونسل کی صدارت کے دوران انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے حوالہ سے جامع انداز اپنانے پر پاکستان کی خدمات کو بھی اجاگر کیا۔ پاکستان اقوام متحدہ امن مشنز میں سرفہرست دستوں میں سے ہے اور اس وقت بھی 8 ہزار سے زائد اہلکار اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے کے باوجود پاکستان اپنی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے، صدر نے عوام اور مسلح افواج کی عظیم قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شدت پسند سوچ کے خلاف جنگ میں مربوط کوششوں اور جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور وہ عالمی برادری کی ہر اس کوشش کی حمایت جاری رکھے گا جس کا مقصد خطے اور دنیا میں امن کا فروغ ہے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ بات چیت اور تعاون کے ذریعے دیرینہ مسائل کو پائیدار بنیادوں پر حل کیا جا سکتا ہے۔ حکومت نے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لئے پالیسی فیصلے کئے اور وہ افغانستان میں امن، استحکام اور اس کی سماجی و اقتصادی ترقی کی کوششوں میں بھی پیش پیش ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پرعزم ہے اور وہ افغان قیادت میں امن اور مفاہمت کے عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ اقوام متحدہ کا افغانستان کے حال اور مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ہے۔ 

مزیدخبریں