لاہور، مدینہ منورہ (نیوز ایجنسیاں+ جاوید اقبال بٹ ) پی آئی اے کے 2 طیاروں کی لاہور میں ہنگامی لینڈنگ، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کو موسم کی خرابی کے باعث لاہور میں اتارا گیا جب کہ مدینہ منورہ سے لاہور آنے والی پرواز کے فرنٹ ویل میں خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ کراچی سے اسلام آباد جانیوالی پی آئی اے کی پرواز میں مولانا فضل الرحمن بھی سوار تھے جبکہ موسم کی خرابی کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک آنے اور جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں جس سے مسافروںکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پی آئی اے کی مدینہ منورہ سے آنے والی پرواز 744 کے فرنٹ ویل میں خرابی کے باعث پائلٹ نے مدد مانگی، تاہم خوش قسمتی سے طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ رن وے پر رک جانے کے باعث اسے کھینچ کر ٹرمینل پر لایا گیا۔ جمبو طیارے میں عمرہ زائرین سمیت 500مسافر سوار تھے۔