طالبہ آمنہ کے انٹرویو کی ویڈیو دیکھ کر شہبازشریف کی آنکھیں پُرنم ہوگئیں

Mar 26, 2014

لاہور (خصوصی  رپورٹر)  وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق اجلاس کے دوران مظفر گڑھ کی طالبہ آمنہ بتول کے کیس پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں آمنہ بتول کے ایک انٹرویو کی ویڈیو دکھائی گئی جس میں اس نے پولیس سے انصاف نہ ملنے کے روئیے کی شکایت بھی کی اور کہا کہ مجھ سے انصاف کیلئے 75 ہزار روپے مانگے گئے ہیں۔ میری خودداری کی یہ قیمت لگائی گئی ہے لیکن مجھے صرف انصاف چاہئے۔  آمنہ بتول  کے انٹرویو کی ویڈیو دیکھ کر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی آنکھیں پُرنم ہو گئیں۔ اس موقع پروزیراعلیٰ نے کہا کہ اس معصوم بچی کا اگرچہ تعلق غریب گھرانے  سے تھا‘ لیکن وہ ایک خوددار سوچ کی مالک تھی۔ افسوسناک امر ہے کہ متعلقہ پولیس نے بچی کو انصاف نہیں دیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء اللہ کو ہدایت کی کہ وہ کیس پر روزانہ بنیاد پر پیشرفت کا خود جائزہ لیں اور وہ خود بھی کیس پر  ہونیوالی پیشرفت کو مانیٹر کریں  گے۔

مزیدخبریں