اسلام آباد (آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈالر کی قیمت گرنے سے مہنگائی میں کمی واقع ہو گی۔ ڈالر کی قدر میں کمی سے مصنوعات کی قیمتیں 8 فیصد کم ہوئیں۔ وہ گزشتہ روز قیمتوں کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ماہ فروری 2014ء کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 7.8 فیصد، غذائی اشیاء کی قیمتوں میں 7.6فیصد جبکہ دیگر اشیاء کی قیمتوں میں 8.2فیصد اضافہ ہوا۔ علاوہ ازیں 20 مارچ 2014ء کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران ضروری اشیاء کی قیمتوں میں 0.42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں استحکام لانا مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافے سے اشیاء کی قیمتوں پر مثبت اثرات جلد ہی سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ حکومت کی معاشی اصلاحات کے نتائج آہستہ آہستہ سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں جبکہ آئی ایم ایف نے بھی اپنے دوسرے جائزہ اجلاس میں پاکستانی حکومت کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ روپے کی قدر میں اب تک 7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔صوبائی حکومتیں روپے میں استحکام کا فائدہ عام آدمی کو پہنچائیں۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء کو مسلسل مانیٹر کیا جائے۔ معاشی شرح نمو میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی آرہی ہے۔ ترسیلات زر میں 11 فیصد‘ محاصل میں 17 فیصد اضافہ ہوا۔