لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے رہنما چودھری پرویزالٰہی نے نہتے کسانوں پر بلاجواز لاٹھی چارج، تشدد اور مختلف مقدمات پر ان کی گرفتاریوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان دشمن حکمران کریک ڈائون کے ذریعہ انہیں اپنے جائز حقوق کیلئے آواز نکالنے کی بھی اجازت نہیں دے رہے، سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کسان اتحاد کے تمام مطالبات کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کسانوں کیلئے وہ تمام سہولتیں اور مراعات بحال کرے جو ہمارے دور میں انہیں فراہم کی گئی تھیں جن میں سستی بجلی، کھادیں، بیج اور قرضوں کے علاوہ وافر پانی اور ٹیکس کی چھوٹ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوڑھوں اور کمسن لڑکوں سمیت بدترین پولیس تشدد کا نشانہ بنائے گئے کسانوں کا واحد قصور یہ تھا کہ وہ اپنی فصلوں کی پوری قیمت اور بھاری ٹیکسوں کے خلاف آواز بلند کرنا چاہتے تھے لیکن انہیں پریس کانفرنس بھی نہیں کرنے دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں سے ان کی فصلوں کی مقررہ سرکاری قیمتوں پر خریداری حکومت کی ذمہ داری ہے۔