کابل (اے پی پی+ اے ایف پی) افغان کی سکیورٹی فورسز نے ملک کے مختلف حصوں میں کارروائیوں کے دوران35 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ اس دوران 3 سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔کابل میں بارود سے بھری گاڑی صدارتی محل ‘ پولیس ہیڈ کوارٹر ز کے سامنے اڑادی گئی بچے اور خاتون سمیت7 افراد ہلاک 22 زخمی ہو گئے۔ وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران غزنی، دائی، کنڈی اور صوبہ پروان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشنز کئے۔ اس دوران29 دہشت گرد ہلاک اور21 زخمی ہوگئے۔ بیان کے مطابق دیگرعلاقوں میں اس طرح کی کارروائیوں میں6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائیوں کے دوران متعدد بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کے علاوہ بھاری مقدارمیں اسلحہ اور گولہ بارود قبضہ میں لے لیاگیا۔ بیان کے مطابق کارروائیوں کے دوران تین سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔پاکستان نے افغان دارالحکومت کابل میں خودکش کار بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، دفتر خارجہ کے مطابق معصوم لوگوں کو دھماکوں میں نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور قابل افسوس عمل ہے۔