رواں ہفتہ میں فیصل آباد میں سیاسی رہنماؤں کا رُوئے سخن ملک میں دہشت گردی اور سیاسی جماعتوں میں عسکری ونگز کی موجودگی کے خاتمے کی طرف رہا۔ اس دوران 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر سات برسوں بعد مسلح افواج کی پریڈ کا انعقاد کر کے ملک و قوم میں دہشت گردی کے خلاف ہمت و حوصلے کا مظاہرہ کیا گیا ۔ 23 مارچ کے دن ملک کے بڑے شہروں اسلام آباد اور لاہور کی طرح فیصل آباد میں یوم پاکستان کے حوالے سے مختلف پروگرام منعقد ہوئے۔ اس موقع پر امیر جماعت الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید،پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، سیف اللہ خالد، شیخ سلیم الرحمن، انجینئر عظیم رندھاوا، فیاض احمد، انجینئر رشید عمر، مفتی محمد ضیاء مدنی اور محمد حنیف بھٹی نے بھی
فیصل آباد میں قائم اپنی پارٹی کے مرکز نشاط آباد میں نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کیا۔ حافظ سعید احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ پریڈ کی جھلکیاں الیکٹرانک میڈیا پر دکھائی جا رہی ہیں اور ان کو دیکھنے سے قوم کو نیا عزم اور حوصلہ ملا ہے ۔ حافظ محمد سعید احمد نے کہا کہ بھارت کے ساتھ اس وقت تک دشمنی رہے گی جب تک وہ تنازعہ کشمیر کو حق خود ارادیت کے مطابق حل نہیں کر دیتا۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے گذشتہ 68 برسوں سے انحراف کی راہ اختیار کر رکھی ہے اور اس کے حکمران اپنے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے اس وعدے کو تسلیم کرنے سے مسلسل انکاری ہیں جو آنجہانی نے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطابق حل کرنے کا کیا تھا ۔ جبکہ امریکہ بہادر اقوام متحدہ کی قراردادوں کا انکار کرنے والے بھارت کو سلامتی کونسل کا مستقل رکن بنانا چاہتا ہے۔ دراصل امریکہ اور بھارت پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ امریکہ بھارت کو مستقبل کی سب سے بڑی عالمی طاقت چین کے خلاف منی سپر طاقت کے طور پر تیار کر رہا ہے ۔ چونکہ بھارت کے ایشیا میں سپرطاقت بننے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ پاکستان ہے لہٰذا امریکہ نے بھارت کی مدد سے عسکریت پسندوں کے ذریعے پاکستان کو دہشت گردوں کے ساتھ الجھا رکھا ہے ۔ تاکہ افواج پاکستان ضرب عضب اور دہشت گردوں کے ساتھ دوسرے مورچوں پر ہونے والی لڑائی میں کمزور ہو جائے اور (خاکمِ بدہن) بھارت کو پاکستان کے خلاف فیصلہ کن جارحیت کرنے کا موقع مل سکے ۔
فیصل آباد میں یوم پاکستان کے موقع پر ڈویژنل کمشنر کیپٹن (ر) نسیم نواز نے شہر کے دونوں بڑے ہسپتالوں الائیڈ ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال فیصل آباد کے دورے کے دوران مریضوں میں لنچ بکس تقسیم کئے۔ ڈی سی او جھنگ مسٹر نادر چٹھہ نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز جھنگ میں یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان تجدیدِ عہد کا دن ہے اور ہم سب کو مل کر ملکی استحکام کے لئے کوششیں کرنی چاہئیں۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر رضوان اشرف نے یوم پاکستان کے موقع پر کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان اور بھارت کے مابین مسلسل کشیدگی کی فضا کے باعث ایک ارب بیس کروڑ روپے کی یہ منڈی جس کا نام بھارت ہے وہ نظر انداز ہو چکی ہے اور دونوں ممالک کے تاجر باہمی تجارت کے نتیجے میں پورا خطہ کی اقتصادی ترقی کے فوائد سے محروم ہیں۔ انجینئر رضوان اشرف حال ہی میں چیمبر کے ارکان پر مشتمل ایک وفد کے ہمراہ بھارت کے تجارتی دورہ سے ہو کر واپس آئے ہیں۔ فیصل آباد کے تاجروں اور صنعتکاروں کی حب الوطنی پر شک نہیں کیا جا سکتا لیکن یہ لوگ بھارت سے تجارتی تعلقات کو استوار کرنے کے اس قدر زیادہ مشتاق ہیں کہ ان میں سے اکثر تنازعہ کشمیر کو دونوں ممالک کی باہمی تجارت سے الگ قرار دیتے ہیں۔ ایک طرف تو فیصل آباد کے ایوان صنعت و تجارت اور اس کے ارکان کی طرف سے پاک بھارت تجارت کی حمایت میں پرزور مہم چلائی جا رہی ہے اور دوسری طرف یوم پاکستان کے موقع پر ہی ایک بھارتی این جی او ساؤتھ ایشین برادر ہُڈ تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے جو ایک وفد کے ہمراہ پاکستان کے مانچسٹر کے دورہ پر ہیں۔ 23 مارچ کو فیصل آباد میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدر انجینئر رضوان اشرف کی تائید میں پاک بھارت تجارت کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طرف سے ہندوستان کو موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ نہ دینے کی وجہ سے دونوں ممالک میں اعتمادسازی کو مثبت انداز میں آگے نہیں بڑھایا جا رہا۔ یہ بالکل وہی بات ہے جو گذشتہ حکومت کے دور میں ملک کے اس وقت کے وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم کہا کرتے تھے اور اب موجودہ حکومت کے وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان بھی بھارت کو پاکستان کے لئے پسندیدہ ترین نیشن قرار دلوانے کی تگ و دو میں ہیں۔ وفاقی وزیر تجارت کو شاید یہ بھول گئے ہیں کہ بابائے قوم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دے رکھا ہے جبکہ کشمیر پر قابض بھارت نے ہمارے دریاؤں پر ڈیموں کی تعمیر شروع کر رکھی ہے اور وہ برسوں سے پاکستان کو پانی کے ہتھیار سے کاری ضرب لگانے کے درپے ہے۔
جب تک ہمارے حکمران ستیال پال اروڑہ جیسے بھارتی دانشوروں کی سوچ کے مطابق تجارتی پالیسیوں کی کوشش کرتے رہیں گے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے کوششیں بھی شاید ہی رنگ لائیں گی۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری طلال چوہدری نے ٹی ایم اے جڑانوالہ میں یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضرب عضب آپریشن کی کامیابی پر واضح کیا کہ حکومت دہشت گردوں کے خاتمہ کے لئے آخری ہدف تک جائے گی اور دہشت گردوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے ہزاروں بے گناہ افراد کے قتل کا حساب لیا جائے گا۔