اسلام آباد + نئی دہلی (سپیشل رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے 2018ءتک پاکستان کےساتھ بین الاقوامی سرحد مکمل طورپر بند کرنے کی دھمکی دے دی۔ ریاست مدھیہ پردیش میں بی ایس ایف اکیڈمی میں نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کی پاسنگ آو¿ٹپریڈ سے خطاب اور بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہم نے سرحدی سکیورٹی مضبوط بنانے کےلئے نیا لائحہ عمل وضع کیا ہے جس کے تحت جتنا جلد ممکن ہو سکے اپنے ہمسایہ ملکوں پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ بین الاقوامی سرحدیں سیل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ پاکستان کےساتھ 2018ءتک سرحد سیل کردیں گے۔ انہوں نے کہا مرکزی سطح پر وزارت داخلہ، سکیورٹی فورسزکی سطح پر بی ایس ایف اور ریاستی سطح پر چیف سیکرٹریز وقتاً فوقتاً اس منصوبے کی نگرانی کریں گے ‘ مشکل علاقوں میں سرحدکی بندش کےلئے ٹیکنالوجی آلات کا استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا سرحدکی بندش کا فیصلہ بڑھتی ہوئی دراندازی کے پیش نظرکیا جبکہ یہ دہشت گردی اور پناہ گزینوں کے مسئلے کے خلاف بھارت کا بڑا اقدام ہوسکتا ہے۔ بی ایس ایف کے کردارکوسراہتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا اس فورس نے بین الاقوامی سرحد پررابطوں کے ضابطے بدل دیئے ہیں یہی وجہ ہے ہمسایہ ملکوں میں بھی مقبول فورس بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا سیکورٹی فورسزکے تحفظات دورکرنے کے حوالے سے موثرنظام وضع کیا جا رہاہے جس پر جلد عملدرآمد ہوگا۔ آن لائن کے مطابق بھارتی وزیر دفاع سبھاش بہامری نے لوک سبھا کو بتایا بھارت دوطرفہ دفاعی تعاون کے فروغ کے لئے رواں سال آسٹریلیا، بنگلہ دیش، چین، فرانس، انڈونیشیا، قازقستان، کرغزستان، ملائیشیا، مالدیپ، منگولیا، نیپال، روس، سری لنکا، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا مشقوں کے ذریعے اعلیٰ سطحی سرکاری دوروں، فوجی تجربات کا تبادلہ، تربیت، سیمیناروں، ورکشاپوں اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔