انتخابات میں ساری جماعتیں ملکر بھی ہمارا مقابلہ نہیں کر سکیں گی: عمران

لاہور (این این آئی+ آن لائن+ صباح نیوز) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے دعوی کیا ہے آئندہ انتخابات میں ساری جماعتیں مل کر بھی تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکیں گی، پانامہ کیس کا فیصلہ جلد آنے والا ہے اور پوری قوم کی نظریں اس فیصلے پر لگی ہوئی ہیں۔ ویڈیو لنک کے ذریعے بیرون ملک پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعظم کی عدالت میں تلاشی ہورہی ہے، نیب اور ایف بی آر جیسے اداروں کے سربراہ عدالت میں پیش ہورہے ہیں ایسا ماضی میں کبھی نہیں ہوا تھا اور اب پاکستان میں نئی تاریخ رقم ہورہی ہے۔ نیب مضبوط ہوتا تو نواز شریف اور آصف زرداری پکڑے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ اداروں میں کرپٹ سربراہوں کی تقرری ہے۔ ہم نے خیبر پی کے میں سفارش کلچر ختم اور سیاسی اثرو رسوخ ختم کرکے گورننس سسٹم ٹھیک کر دیا ہے۔ تحریک انصاف پاکستان کی مضبوط ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے۔ کرپشن کے خاتمے کے لئے خلوص نیت سے کام کیا جائے تو یقین سے کہہ سکتا ہوں ملک ایک بار پھر تیزی سے ترقی کرسکتا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق انہوں نے کہا پانامہ لیکس کیس کی صورت میں پاکستان میں نئی تاریخ رقم ہورہی ہے ملکی تاریخ میں پہلے کبھی طاقتور کا احتساب نہیں ہوا تھا لیکن اب حکمرانوں سمیت ملکی اداروں کا بھی ٹرائل ہو رہا ہے۔ پانامہ لیکس کا فیصلہ چند دنوں میں آرہا ہے اور نئے پاکستان کی نوید میں خود دوں گا۔ انہوں نے کہا ایک وقت تھا پاکستان ایشیا میں تیزی سے ترقی کر رہا تھا، آج کرپشن نے پاکستان کے ادارے تباہ کر دیئے۔ 92 کے کرکٹ ورلڈ کپ کی فتح کی سلور جوبلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کی فتح کی یادگار بات یہ ہے۔ پوری پاکستانی قوم بہت خوش تھی اور پاکستان سمیت بیرونی ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں کے جذبات ایک ہی جیسے تھے میں نے قوم کے چہروں پر اتنی خوشی کبھی بھی نہیں دیکھی جو اس وقت تھی۔ انہوں نے کہا جو ٹیم ہار نہیں مانتی وہ جیت کی منزل تک پہنچ جاتی ہے۔ بنی گالہ میں وہاڑی کے کارکن راؤ سجاد احمد، اسلم لیل اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پانامہ کا فیصلہ پوری قوم کی آ وازہے حکمران اپنی کرپشن چھپانے کیلئے روز نئی پہلیاں عوام کو سناتے ہیں سچ اور جھوٹ پوری پاکستانی قوم دیکھ چکی اب حکمرانوں کو جدہ یا کہیں اور بھاگنے نہیں دیں گے پانامہ کا فیصلہ آ تے ہی حکمران جیلوں میں ہوں گے اعلیٰ عدلیہ کسی پریشر کو بالاتر رکھتے ہوئے میرٹ پرفیصلہ کرے گی کارکن بھرپور انتخابی مہم چلائیں اور الیکشن کی تیاری کریں اسلام آ باد اور لاہور سے (ن) لیگ کا صفایا کردیں گے۔ آن لائن کے مطابق ایک ٹویٹ پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر جنگلات کی بحالی کے لئے اقدامات کر نے ہوں گے۔ پاکستان ان دس ممالک میں نویں نمبر پر ہے جہاں پر موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر تیزی سے پڑتا ہے، ہمیں ان تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک میں جنگلات کی بحالی کو فروغ دینا ہو گا۔ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا پاک افغان سرحد بند کرنے اور باڑ لگانے کے خلاف ہوں ۔ افغانستان میں یہ تاثر نہیں جانا چاہیے پاکستان ان کے خلاف ہے پاکستان نے مہاجرین کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ بارڈر بند کرنے سے افغان عوام میں پاکستان کی نفرت بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا توہین رسالت پر پوری قوم متحد ہے ۔ ایسے اقدامات کے خلاف پوری قوم اور عالم اسلام کو متحد ہو کر آواز اٹھانی چاہیئے اور توہین کرنے والوں کو سزا دلوانی چاہیے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کو جمہوریت کی سمجھ ہی نہیں ۔انہوں نے اسے خاندانی سیاست سمجھ رکھا ہے۔ راہ داری پر سندھ، بلوچستان کو بھی تحفظات ہیں۔ پانامہ لیکس انگلینڈ میں ہوتا تو وزیراعظم جیل میں ہوتا پاکستان میں کسی بڑے کا احتساب نہیں ہوا۔ ججز سے التجا کرتا ہوں پانامہ کا فیصلہ جلد کر دیں تاکہ میرے اور قوم کے لئے آسانی پیدا ہو جائے۔ سوشل میڈیا کے خلاف ریفرنڈم کرانا بے وقوفی اور پاگل پن ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...