::::بھارت مقبوضہ کشمیر میں طاقت کی جنگ لڑ رہا ہے: مسعود خان

Mar 26, 2017

اسلام آباد (اے این این) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کی ہندو انتہاء پسند حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلم آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے ایک حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہی ہے۔ کشمیری وکلاء کو اندھیرے میں رکھ کر ایڈووکیٹ ایکٹ کا خاموشی سے نفاذ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے خلاف اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے رابطہ کرنا ہو گا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں طاقت کی جنگ لڑ رہا ہے۔ جس میں قوانین ، انسانی حقوق اور عالمی اصولوں کی پامال کیا جا رہا ہے۔ کشمیری دانشور صحافی اور صاحب علم حضرات مسئلہ کشمیر کے قانونی، انسانی اور اخلاقی پہلوئوں کو اجاگر کریں۔ کشمیریوں کا مقدمہ قانونی طور پر مضبوط ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر زبردستی قبضہ کیا۔ اس سازش میں برطانوی وائسرائے اور مہاراجہ کشمیر بھی شامل تھے۔ اس وقت بھارتی آئین میں درج کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بھی کھوکھلا کر دیا گیا ہے۔ ہمیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے منظم اندازمیں کام کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر ی دانشور اور حریت رہنما شیخ تجمل الالسلام اور عبدالحمید لون سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ تجمل الاسلام نے صدر آزاد کشمیر کو بتایا کہ بھارتی حکومت غیر قانونی اور غیراخلاقی طور پر اپنے آئین کو ریاست جموں وکشمیر میں نافذ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اخلاقی اور سفارتی سطح پر ہماری جدوجہد جاری ہے۔ اب ہمیں قانونی محاذ پر بھی اپنا مقدمہ لڑنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ 70سال سے کشمیریوں نے جمہوری و سیاسی جدوجہد کی ہے۔ تشدد اور گولی کا استعمال بھارت کر رہا ہے حالانکہ بھارتی قابض افواج کو بھی سمجھ لینا چاہیے کہ تشدد مسئلے کا حل نہیں۔ بھارت فوری طور پر مذاکرات اور سفارتکاری کو بحال کرے۔ دریں اثناء صدر آزاد کشمیر سردار محمد مسعود خان سے کشمیر سالیڈریٹی کونسل نارتھ امریکہ کے چیئرمین جاوید راٹھور نے بھی ملاقات کی اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
مسعود خان

مزیدخبریں