پہلے بی بی کے آنے پر لاہور بند ہوتا تھا اب ہماری آمد پر ہوگا، مقابلے کیلئے تیار ، پتہ چل جائیگا الیکشن کسے کہتے ہیں، بلاول سمیت میدان میں ہوں: آصف زرداری

 سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کارکنوں کا ولولہ جوش دیکھ کر لگتا ہے پیپلز پارٹی مقابلے کیلئے تیار ہے۔ پچھلی دفعہ ہتھکڑیاں لگائی ہوئی تھیں اب میں خود میدان میں ہوں اور بلاول بھی میدان میں ہیں، سینئر پارٹی رہنما عزیز الرحمٰن چن کے گھر آمد پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں میری بیٹیاں ہم سب خود میدان میں ہیں،اب آپ کو پتہ لگے گا کہ الیکشن کسے کہتے ہیں، پیپلزپارٹی نے پنجاب میں کبھی شکست نہیں کھائی۔ آر او الیکشن سے شکست کھائی۔ جب بی بی شہید آتی تھیں تو لاہور بند ہو جاتا تھا۔ اب بھی ایسا ہی ہو گا پورا لاہور بند ہو جایا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی قربانیاں ہمیں یاد ہیں۔ انہوں نے کہا الیکشن کا وقت آ گیا ہے۔ شفاف الیکشن کیلئے تمام جماعتوں سے مشاورت کریں گے۔ دریں اثناءآصف علی زرداری نے کہا ہے دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے اور علاقائی امن کے لئے یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ افغانستان کے ساتھ سرحدوں کی مینجمنٹ باہمی مشاورت سے کی جائے۔ سرحدوں کومشاورت سے باقاعدہ طریقے سے محفوظ بنا نے ہی سے ایک دوسرے پر سرحدوں کے پار سے دہشتگردوں کی مداخلت کے الزامات کا خاتمہ ہو سکے گا اور انہی الزامات کی وجہ سے پاکستان اور برادر پڑوسی ملک افغانستان کے تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ سابق صدر نے ان رپورٹوں پر تبصرہ کرتے ہوئے یہ بات کہی جن میں کہا گیا باجوڑ اور مہمند ایجنسیوں میں افغانستان کی سرحد پر باڑ لگانے کا کام شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ حال میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہت خراب ہو گئے ہیں ۔ دونوں ملک عدم اعتماد اور شک کی فضا ختم کرنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کریں۔ سرحدوں کی باہمی مشاورت سے مینجمنٹ کا معاملہ بہت تاخیرکا شکار ہو چکا ہے اور اب اس میں تاخیر نہیں کی جانی چاہئے۔ سابق صدر نے اس امید کا اظہار کیا باڑ لگانے کا خیر مقدم وہ سب لوگ کریں گے جو عسکریت کا خاتمہ چاہتے ہیں اور الزامات کا سلسلہ بند ہو جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن