پنجاب کے ہسپتالوں کا کلچر بدل چکا ہے۔ شعبہ صحت میں انقلابی تبدیلی آرہی ہے: شہباز شریف۔عوام کی خوشحالی کے لئے صحت پر توجہ بے حد ضروری ہے۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں سی ٹی سکین سمیت بہترین آلات فراہم کئے ہیں، لندن سے ویڈیو لنک خطاب۔
وزیراعلیٰ پنجاب میں شہباز شریف جس طرح صوبے کے عوام کو صحت کی سہولتیں بہم تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اسکے مثبت نتائج سب کے سامنے ہیں۔ صوبے میں سو فی صد نہ سہی مگر حقیقت یہ ہے کہ زیادہ تر ہسپتالوں، طبی مراکز اوربنیادی ہیلتھ سینٹروں کی حالت میں اور عوام کے علاج معالجے میں بہتری آئی ہے۔ پنجاب ایک گنجان آبادی والا صوبہ ہے۔ ہنوز اس کے ہر علاقے میں خاص طور پر پسماندہ علاقوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اور کام ہونا باقی ہے۔ مگر جب ملک کے دوسرے صوبوں کے ساتھ پنجاب کے طبی مراکز اور ہسپتالوں کا موازنہ کیا جائے تو فرق واضح محسوس ہوتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب جس تندھی کے ساتھ صحت مند پنجاب کے نعرے کو حقیقت دینے میں مشغول ہیں۔ وہ ہمارے دوسرے صوبوں کے لئے بھی باعث تقلید ہے۔ جہاں نعروں کے باوجود صحت کے شعبہ میں وہ سہولتیں میسر نہیں جو پنجاب کے کسی بھی شہر میں میسر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دوسرے صوبوں سے بھی غریب عوام کی بڑی تعداد اچھے علاج معالجے کے لئے پنجاب کا رخ کرتی ہے۔ جہاں ہسپتالوں کی تعداد اور ان میں مفت علاج اور جدید طبی آلات کے ساتھ معائنے اور ادویات کی فراہمی کا نظام باقی صوبوں کی نسبت بہت زیادہ بہتر ہے۔
وزیراعلیٰ کا پنجاب کے ہسپتالوں میں انقلابی تبدیلیاں لانے کا عزم
Mar 26, 2018