لاہور(نیوزرپورٹر)پنجاب میں امن و امان کی بہتر صورتحال اور توانائی کے منصوبے سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔مقامی صنعت کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنی ہوں گی۔اس مقصد کے لیے چاروں صوبوں کو وفاق کے ساتھ ملکر پائیدار اقدامات اْٹھانے ہوں گے۔ وسائل میں اضافے کے لیے تاجر برادری کا اعتماد حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ٹیکسسز کے نظام میں بہتری سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرے گی۔آئندہ بجٹ میں کاروباری حضرات کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا۔ معاشی اصلاحات میں سیاسی اختلافات کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ پنجاب ملکی ترقی میں ہمیشہ اسی رفتارسے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ہمراہ دورہئ کراچی کے موقع پر پاکستان بزنس کونسل (PBC) اور اورسیز انویسٹرز کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک سے بیروزگاری کے خاتمے، غربت پر کنٹرول اور معاشی استحکام کے لیے بزنس کمیونٹی اور اورسیز انویسٹرز کوبھرپور کردار ادا کرنا ہو گا اس ضمن میں حکومت پنجاب اپنے ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ صوبائی وزیر نے پاکستان بزنس کونسل کے نمائندگان کو بتایا کہ پنجاب میں بزنس رجسٹریشن، پراپرٹی رجسٹریشن ، کنسٹرکشن پرمٹ اور کاروبار سے متعلقہ دیگر اْمور پر باقاعدہ قانون سازی کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں حکومت پنجاب چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ صوبائی وزیر نے اور سیز انویسٹرز کو یقین دہانی کروائی کے حکومت پنجاب ہر پلیٹ فارم پر تاجر برادری کے حقوق کا دفاع کرے گی اور مستقبل میں مزید کاروبار دوست پالیسیاں متعارف کروائی جائیں گی اْنھوں نے انویسٹرز کو بتایا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کے رجسٹریشن سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے آن لائن بزنس پورٹل متعارف کروا دیا گیا ہے جس کی مدد سے وہ گھر بیٹھے اپنے کاروبار کی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں جلد ہی پورٹل کے ذریعے پراپرٹی رجسٹریشن اور کنسٹرکشن پرمٹ کا آن لائن حصول بھی ممکن ہو گا۔ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے بجٹ 2018-19کی تیاری کے حوالے سے پاکستان بزنس کونسل اور اورسیز انویسٹرز کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں تمام سٹیک ہولڈرز کی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا۔
ٹیکسسز کے نظام میں بہتری سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرے گی پنجاب ملکی ترقی میں ہمیشہ اسی رفتارسے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا صوبائی وزیر خزانہ
Mar 26, 2018