لاہور + سمبڑیال (خصوصی نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ہی عوام کی پریشانیوں کی اصل ذمہ دار ہیں۔ بار بار موقع ملنے کے باوجود دونوں پارٹیوں نے اپنے منشور پر عمل کیا نہ عوام سے کیے گئے وعدوں کا پاس کیا بلکہ سٹیٹس کو کی نمائندہ ان پارٹیوں نے ملک کے نظریے کے ساتھ بے وفائی کی جس سے پاکستان دو لخت ہوگیا۔ دونوں پارٹیوں میں موجود جاگیردارو ، وڈیروں اور سرمایہ داروں کا تعلق چند خاندانوں سے ہے۔ چچا ایک اور بھتیجا دوسری پارٹی میں اور ماموں ایک اور بھانجا دوسری جماعت میں ہے۔ ان لوگوں نے آپس میںگٹھ جوڑ کر کے عوام پر ظلم کا نظام مسلط کر رکھا ہے۔ الیکشن ایک کرپشن کا نشان بن کر رہ گئے ہیں۔ سینٹ الیکشن میں پورے کے پورے اصطبل خریدے اور بیچے گئے۔ یہ ظالم مافیا اپنے مفادات کا اسیر ہے، انہوں نے کبھی ملک و قوم کے لیے کوئی قربانی نہیں دی۔ قوم ان لٹیروں کو اقتدار کے ایوانوں میں نہیں اڈیالہ جیل میں دیکھنا چاہتی ہے۔ ظلم و جبر کی اس سیاست سے بغاوت کا وقت آگیا ہے۔ عوام ملک میں خلافت کا عادلانہ نظام چاہتے ہیں ۔ ایم ایم اے قوم کی حقیقی قیادت کا نام ہے ۔ ہم ملک میں قرآن کا نظام نافذ کریں گے ۔ 2018 ء کے انتخابات غلامان ٹرمپ اور غلامان مصطفیٰؐ کے درمیان ہوں گے اور ان شاء اللہ فتح غلامان مصطفیٰؐ کی ہوگی ۔ پاکستان لاکھوں شہدا کی امانت ہے جو بھی اس کے ساتھ بے وفائی اور غداری کرے گا، اس کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جماعت اسلامی سیالکوٹ کے زیراہتمام سمبڑیال میں بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا ستر سال میں بار بار جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں کو آزمایا گیا ، یہی لوگ چہرے بدل بدل کر حکومتوں میں آتے رہے مگر انہوںنے کبھی پاکستان اور قوم کے ساتھ وفا نہیں کی۔ انہوں نے پاکستان کی سیاست اور جمہوریت کو یرغمال اور ہماری آنے والی نسلوں کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا غلام بنایا جن لوگوں کو سونے کے تاج پہنائے گئے ، انہوںنے ڈالر کو سر پر چڑھایا اور روپے کو سادہ کاغذ کے بے وقعت ٹکڑے میں بدل دیا ۔ ان لوگوں نے ممتاز قادری جیسے عاشق رسول ؐ کو رات کے اندھیرے میں پھانسی پر چڑھایا اور قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے امریکی صدر کو ایک خط تک لکھنے کی توفیق نہیں ہوئی۔ ان لوگو ں نے کشمیر کے شہداء کے ساتھ غداری کی اور ہندو کو پسندیدہ قوم قرار دیا ۔ کشمیر کے جہاد کو بدنام اور سبوتاژ کرنے والوں نے امریکہ کے ساتھ مل کر افغانستان کی اسلامی حکومت کو ختم کیا ۔ آج پھر وہی لوگ دوبارہ بلند و بانگ وعدے اور دعوے لے کر عوام کو اپنے جال میں پھنسانا چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے صرف ایک آدمی کا احتساب کیا ، قوم پوچھتی ہے پاناملہ لیکس کے باقی 436 لٹیروں کی باری کب آئے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا سپریم کورٹ احتساب کا ایک میکنزم بنائے جس سے کرپشن اور کمیشن میں ملوث کوئی لٹیرا بچ کر نہ جاسکے۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سراج الحق نے کہا کہ ہم اسلامی انقلاب لانا چاہتے ہیں جس میں انسانو ں کا بنایا ہوا نظام نہیں بلکہ دنیا بنانے والے کا نظام چلے گا میری لڑائی اُس ظالم نظام سے ہے جس نے کرپشن اور اقربا پروری کو فروغ دیا، انہوں نے نگران وزیر اعظم کیلئے پاکستان کے ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام پیش کر تے ہوئے کہا بھارت ایٹمی سائنس دان کو صدر بنا سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں۔ مجلس عمل اسلامی نظام قائم کرے گی جس میں چیف جسٹس کے ہاتھ میں انگریزی کی کتاب نہیں بلکہ "قرآن پاک "ہو گا۔ انہوں نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو محاطب کر کے کہا کہ یہ قوم آپ کے ہاتھ میں قرآن پاک چاہتی ہے عدل و انصاف قرآن کے مطابق ہونا چاہئے۔
ظلم کی سیاست سے بغاوت کا وقت آ گیا، اسلامی نظام قائم کرینگے: سراج الحق
Mar 26, 2018