اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان میں خوراک کا تقریبا 40 فیصد حصہ ضائع ہو جاتا ہے۔ دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو غذائی قلت کا سامنا ہے جبکہ سالانہ اربوں ڈالر مالیت کی خوراک ضائع ہو رہی ہے۔ پاکستان میں سالانہ 36 ملین ٹن خوراک ضائع کر دی جاتی ہے جو کراچی، لاہور اور حیدرآباد کے شہریوں کے روزانہ دوپہر اور رات کے کھانے کے مساوی ہے۔ سحر صدیقی نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں ضائع ہونے والی خوراک تیاری، پیداوار، زرعی پراسیسنگ، تقسیم اور استعمال کے دوران ضائع کر دی جاتی ہے جبکہ موسمی حالات کے باعث خوراک کا ضیاع بھی اندازوں سے کہیں زیادہ ہے۔ خوراک کو ضائع کرنے کی بجائے بچ جانے والی خوراک کو محفوظ بنا کر غذائی قلت کے مسئلہ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ اربوں روپے سالانہ بچت بھی کی جا سکتی ہے۔