اسلام آباد(نیوزرپورٹر) گوادر میں نئے ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رواں ہفتہ رکھا جائے گاجس کی تعمیر پر 230 ملین ڈالرلاگت آئے گی۔ حکام کے مطابق سی پیک کے تحت گوادر میں نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر کے حوالے سے منصوبہ کے ڈیزائن اور فزیبلٹی کا بنیادی کام پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے۔ نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر سے سی پیک کے فریم ورک میں ایک اہم مقام حاصل ہو جائے گا جبکہ اس سے گوادر عالمی سطح پر ایوی ایشن کی صنعت کا ایک اہم مرکز بھی بنے گا۔ اس ایئرپورٹ پر A380 بوئنگ سمیت دنیا کے دیگر بڑے سے بڑے جہازوں کو لینڈنگ کی سہولیات دستیاب ہوں گی جس کا مقصد بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کی آمد و رفت میں سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے موجودہ ائرپورٹ کے شمال مشرق میں 26 کلومیٹر دوری پر تین ہزار ایکڑ زمین کی نشاندہی کی ہے۔ نئے ایئرپورٹ کو بین الاقوامی سٹیٹس حاصل ہوگا جو اوپن سکائی پالیسی کے تحت چلایا جائے گا۔